فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو ہلاک، 2 فرار ہوگئے

بدھ 27 ستمبر 2023 22:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2023ء) فیصل آباد میں پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو ہلاک، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر کارروائی شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ سدھار بائی پاس جھنگ روڈ سے سرگودھا روڈ کی جانب 68 چک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو محمد وسیم ولد شبیر ساکن جھنگ ، نوید ولد نزیر ساکن ایوب کالونی فیصل آباد اور ایک نامعلوم ہلاک ہوگئے جبکہ انکے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

متعلقہ حکام کے مطابق منہ اندھیرے دو موٹر سائیکلوں پر سوار 5 ڈاکو ڈکیتی کی واردات کر کے فرار ہو رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس کی گشتی ٹیموں نے مشکوک جان کر روکنے کی کوشش کی تو ڈاکوٗوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کے دعویٰ کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 3 ڈاکو آگے جانیوالے دو ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوئے اور موقع پر دم توڑ گئے۔ ڈاکو لاشوں کو تھانہ ٹھیکری والا پولیس نے تحویل میں لیکرپوسٹ مارٹم کیلئے الائیڈ ہسپتال مارچری منتقل کردیا، پولیس نے شواہداکٹھے کرکے مقدمہ 1822/23 درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔