فیصل آباد چیمبر میں محکمہ محنت و افرادی قوت اورپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے جاب پورٹل نصب

جمعرات 28 ستمبر 2023 13:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2023ء) فیصل آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری میں محکمہ محنت و افرادی قوت اورپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے جاب پورٹل نصب کر دیاگیاہے ۔ اس جاب پورٹل نصب ذریعے نہ صرف صنعتکار ہنر مند افرادی قوت بارے اپنی ضروریات مفت اس پورٹل پر لوڈ کر سکیں گے بلکہ محنت کش بھی اس پر رجسٹریشن کے ذریعے مناسب روزگار حاصل کر سکیں گے۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے مذکورہ پورٹل کا باضابطہ طور پر افتتاح کرتے ہوئے اِس منصوبے کو بیک وقت صنعتکاروں اور مزدوروں کیلئے ایک نعمت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے موجودہ دور میں جاب پورٹل صحیح سمت میں بروقت اقدام ہے جس سے صنعتکار بغیر اضافی اخراجات کے اپنی ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت حاصل کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ اس وقت مارکیٹ میں بہت سی جاب پرووائیڈر فرمیں موجود ہیں جو پیسے لیکر یہ کام کر رہی ہیں مگر ان کا ڈیٹا ناقص اورپرانا ہوتا ہے۔ انہوں نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ انہیں پورٹل کے ڈیٹا کی تصدیق کے علاوہ اس کو تسلسل کے ساتھ اپ ڈیٹ بھی کرنا چاہیے تاکہ صنعتکار مستند ڈیٹا حاصل کر سکیں۔

ڈاکٹر خرم طارق نے بتایا کہ نادرا کا شمار اس وقت دنیا کی پانچ بڑی ڈیٹا کمپنیوں میں ہوتا ہے اِسلئے جاب پورٹل کو نادرا سے بھی لنک کیا جانا چاہیے۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سینئر پروگرام منیجر شمس الاسلام نے بتایا کہ اس پورٹل سے حکومت پنجاب کے تمام محکمے منسلک ہیں جبکہ بہت جلد اِس کو نادرا سے بھی لنک کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پورٹل پر حکومت پنجاب کے تمام محکموں کی خالی آسامیوں کی اطلاع دستیاب ہے جس سے کوئی بھی ضرورتمند فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پرانا ڈیٹا از خود ختم ہو جاتا ہے تاکہ پورٹل پر فرسودہ معلومات سر ے سے دستیاب ہی نہ ہوں۔ اس موقع پر سینئر نائب صدرفیصل آباد چیمبر ڈاکٹر سجاد ارشد، نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی ڈائریکٹر لیبر(ویسٹ) غلام شبیر کلیار اور ڈائریکٹر لیبر(ایسٹ) رائے یاسین سرفراز بھی موجود تھے۔