توسیع پسندانہ بھارتی عزائم:ائر فورس مزید 156 جنگی ہیلی کاپٹر خریدے گی

ہفتہ 30 ستمبر 2023 11:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2023ء) بھارت کے توسیع پسندانہ اور خطے میں بالادستی کے عزائم میں دن بہ دن شدت آتی جار ہی ہے ۔ بھارتی ائر فورس (آئی اے ایف )مزید 156 پراچنڈ لائٹ کامبیٹ ہیلی کاپٹر خریدنے جا رہی ہے، جو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر تعینات کیے جائیں گے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایل او سی بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر کو الگ کرتی ہے جبکہ ایل اے سی لداخ کے علاقے میں چین اور بھارت کے درمیان متنازع سرحد ہے۔

آئی اے ایف بھارتی ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) کو مزید 156 پراچنڈ لائٹ کامبیٹ ہیلی کاپٹروں کے آرڈر دینے جا رہی ہے جو چین اور پاکستان کے محاذوں پر کام میں لائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

دونوں محاذو ں پر پہلے ہی اس طرح کے 15ہیلی کاپٹر موجود ہیں۔سینئر بھارتی دفاعی عہدیداروںکا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت سے جلد ہیلی کاپٹروں کی خریداری کی منظوری حاصل کی جائے گی۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 156 ہیلی کاپٹروں میں سے 66 بھارتی فضائیہ جبکہ باقی 90 بھارتی کی تحویل میں دیے جائیں گے۔پراچند ہیلی کاپٹر 5,000 میٹر (16,400 فٹ) کی بلندی پر لینڈ اور ٹیک آف کر سکتا ہے، جو اسے سیاچن گلیشیر اور مشرقی لداخ کے اونچائی والے علاقوں میں کام کرنے کے لیے مثالی بناتا ہے۔ یہ فضا سے زمین اور فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کی ایک رینج کو فائر کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔