امریکا کو روس اور چین کے ساتھ ممکنہ طور پر بیک وقت جنگ کے لئے تیار رہنا چاہیے، امریکی کانگریس کے کمیشن کی رپورٹ

جمعہ 13 اکتوبر 2023 14:16

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2023ء) امریکا کو روس اور چین کے ساتھ ممکنہ طور پر بیک وقت جنگ کے لئے تیار رہنا چاہیےاوراس مقصد کے لئے اسے اپنی روایتی افواج میں اضافہ، اتحاد کو مضبوط اور جوہری ہتھیاروں کی جدید کاری کے پروگرام کو توسیع دینی چاہیے۔برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کےمطابق یہ بات امریکی کانگریس کی طرف سے مقرر کردہ حکمران جماعت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ارکان پر مشتمل پینل نے کہی ۔

اسٹریٹجک پوسچر کمیشن نامی پینل کی یہ رپورٹ ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایک طرف تائیوان اور دیگر مسائل پر چین کے ساتھ امریکا کی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور دوسری طرف یوکرین پر حملے کے باعث روس کے ساتھ امریکی کشیدگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

کمیشن نے اپنی حتمی رپورٹ میں دلیل دی کہ روس اور چین کی مشترکہ طاقت کا سامنا کرنے کے لیےامریکا کو اپنے جوہری ہتھیاروں اور روایتی فوج دونوں کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنے اور بڑھانے کی ضرورت ہے۔

کمیشن نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کو بیک وقت دونوں مخالفین کو روکنے اور شکست دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ کمیشن کے مطابق امریکا کی قیادت میں بین الاقوامی نظام اور اس کی قدروں کو چینی اور روسی آمرانہ حکومتوں سے خطرہ لاحق ہے ۔کمیشن کے مطابق اندیشہ ہے کہ روس اور چین کے درمیان کسی نہ کسی طرح حتمی ہم آہنگی ہو سکتی ہے، جو ہمیں اس جنگ تک لے جائے ۔

امریکی قومی سلامتی کی موجودہ حکمت عملی میں ایک بڑے مخالف کو شکست دینے کے ساتھ ساتھ دوسرے کو روکنے پر زور دیا گیا ہے ۔ روسی نیوز ایجنسی کے مطابق کمیشن نے کہا کہ چین اور روس کا مشترکہ خطرہ 2027 کے اوائل میں شدید ہو جائے گا، لہذا قوم کو تیار رہنے کے لیے ابھی فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں روایتی مسلح افواج اور نیوکلیئر استعداد دونوں میں بڑے پیمانے پر توسیع کے لئے 131 نتائج اور 81 سفارشات شامل کی گئی ہیں۔

ان میں مزید بی۔ 21 سٹیلتھ بمبار اور کولمبیا کلاس بیلسٹک میزائل آبدوزوں کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بی ۔ 21 اب بھی تیاری کے مراحل میں ہے اور توقع ہے کہ 2027 تک ان کو مسلح افواج کے حوالے کر دیا جائے گا۔ کولمبیا کلاس کی پہلی دو سب میرینز بھی تیاری کے مراحل میں ہیں اور 2030 میں ان کے امریکی بحریہ کے حوالے کئے جانے کا امکان ہے ۔ امریکی بحریہ نے اوہائیو کلاس کے 18 جنگی بحری جہازوں کی جگہ 12 کولمبیا کلاس آبدوزوں کا آرڈر دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔فیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹس کا کہنا ہے کہ کمیشن کی رپورٹ پر عملدرآمد سے دنیا میں اسلحہ کی دوڑ میں شدت میں پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔