اسرائیل کو ریاست نہیں مانتے، گوہر رشید ، ارمینا خان، یاسر حسین، اشناہ شاہ ودیگر شوبز شخصیات کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

منگل 24 اکتوبر 2023 19:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2023ء) اداکار بھی فلسطین کے حق اور اسرائیلی مظالم کیخلاف میدان میں آگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارگوہر رشید، یاسر حسین، ارمینا خان اور اشنا شاہ سمیت دیگر اداکاروں نے فلسطین کی حمایت کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کی مذمت کی ہے۔ارمینا خان نے انسٹاگرام پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے متعدد پوسٹس شیئر کیں ، اداکارہ نے اسرائیلی حملوں کے بعد ملبے کے ڈھیر میںتبدیل غزہ کی ویڈیو شیئر کی جس میں عربی زبان میںپس پردہ رونے ،پیاروں کو پکارنے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں،اداکارہ نے دیگر پوسٹس میں بھی فلسطین کی حمایت اور کھل کر اسرائیل کی مذمت کی اداکار یاسر حسین نے انسٹاگرام پر فلسطینی جھنڈے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہر اندھیری رات کے بعد صبح شروع ہوتی ہے اور انشااللہ صبح ہوگی۔

(جاری ہے)

اداکار گوہر رشید نے بھی فلسطینیوں کی حمایت میں پوسٹ لکھتے ہوئے اسرائیل کو ریاست ماننے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ تو ہتھیاروں اور قاتلوں سے بھرا ایک مقام ہے۔اداکار نے لکھا کہ اسرائیل گزشتہ 75سال سے فلسطین اور فلسطینیوں کو ختم کرنے کی کوشش میں مصروف ہے لیکن آج تک اسے کامیابی نہیں مل سکی۔گوہر رشید کے مطابق اسرائیل نے جدید سے جدید اسلحہ اور ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے فلسطینیوں کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن اس کی ہر کوشش ناکام گئی۔

اشنا شاہ نے انسٹاگرام پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی پوسٹس کیں اورغزہ کی الشفا ہسپتال کی ویڈیو شیئر کی، جس میں بے حال زخمی افراد کوہسپتال کے فرش پر تڑپتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اداکارہ نے لکھا مذکورہ ہسپتال میں دو دن کے بعد ادویات اور تمام چیزیں ختم ہو جائیں گی، جس کے بعد بچے، خواتین اور زخمی مرد تڑپتے رہیں گے اور اب ان کے پاس زیادہ وقت نہیں بچا۔