ہیروزآف پاکستان ، مصطفی قریشی کی زبانی آزادی کی کہانی اورقومی شعور کا پیغام

جمعرات 7 اگست 2025 16:36

ہیروزآف پاکستان ، مصطفی قریشی کی زبانی آزادی کی کہانی اورقومی شعور ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار مصطفی قریشی نے خصوصی ملاقات میں آزادی کی کہانی بتاتے ہوئے قومی شعور کا پیغام جاری کیا ہے۔یومِ آزادی کے موقع پر جدوجہدِ آزادی کے شاہد اور عظیم فنکار مصطفی قریشی سے خصوصی ملاقات میں انہوں نے اپنے بچپن کی یادیں اور آزادی کے وقت کے جذبات شیئر کیے۔

انہوں نے بتایا کہ بچپن میں جب وہ اسکول میں پڑھتے تھے، تو قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت اور پاکستان کے قیام کا جوش ان کے دل و دماغ میں بس گیا تھا۔مصطفی قریشی کے مطابق، وہ گلیوں میں پاکستان کا جھنڈا تھامے "پاکستان زندہ باد" کے نعرے لگایا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بچپن سے ہی آزادی کی خواہش دل میں تھی، مگر اس وقت اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ غلامی اور آزادی میں کیا فرق ہوتا ہے کیونکہ جب ہم انگریزوں کے غلام تھے تو ہمیں پتہ ہی نہیں تھا کہ آزادی ہوتی کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق قائداعظم نے قوم کو آزادی کی قدر سکھائی اور یہ بتایا کہ یہ کتنی بڑی نعمت ہے۔ مصطفی قریشی نے فن کے ذریعے قومی شعور بیدار کرنے کو اپنی ذمہ داری قرار دیا۔پاکستان کے ہیرو نے اس موقع پر پوری قوم سمیت ان تمام فنکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے فن کے ذریعے ملک و ملت کے شعور کو اجاگر کیا۔