ماہرہ خان کی کراچی کے مقامی بازار میں شاپنگ کرنے کی ویڈیو وائرل

جمعرات 7 اگست 2025 17:21

ماہرہ خان کی کراچی کے مقامی بازار میں شاپنگ کرنے کی ویڈیو وائرل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)پاکستان شوبز انڈسٹری کی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان کی مقامی بازار میں شاپنگ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔اداکارہ ماہرہ خان کی فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں اداکارہ کو مقامی مارکیٹ سے خریداری کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی یہ ویڈیو کراچی کے مقامی بازار کی ہے جہاں انہیں سادگی سے ساڑھی خریدتے ہوئے دیکھا گیا ہے جسے صارفین خوب پسند کررہے ہیں۔ویڈیو میں ماہرہ خان قمیض شلوار میں ملبوس ہیں انہیں کلفٹن کی مارکیٹ میں عام خریداروں کی طرح ایک دکان سے ساڑھی خریدتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اس دوران انہیں دکاندار سے خوشگوار انداز میں بات چیت کرتے اور بھائو تائو کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے عینی شاہدین اداکارہ کو اس طرح دیکھ کر حیران ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اداکارہ ماہرہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں عبایہ میں کراچی کے زینب مارکیٹ میں شاپنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔جبکہ ماہرہ خان نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ میرا اور کراچی کا زندگی بھر کا تعلق ہے، مجھے زینب مارکیٹ جانا بے حد پسند تھا، مجھے میرا بچپن یاد آجاتا ہے، انہوں نے اسی دوران انکشاف کیا کہ میں کئی بارعبایا پہن کر کراچی کے مختلف مقامات پر گئی ہوں۔