ثقافتی رنگوں سے مزین 16روزہ عظیم و الشان ونٹر فیسٹیول ’’لہو ر لہور اے‘‘ کا آغاز 28اکتوبر کو ہو گا

بدھ 25 اکتوبر 2023 17:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2023ء) نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی کی خصوصی ہدایت پر حکومت پنجاب کی جانب سے سرما فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ثقافتی رنگوں سے مزین 16روزہ عظیم و الشان ونٹر فیسٹیول ’’لہو ر لہور اے ‘‘ کے لیے لاہور آرٹس کونسل الحمرا نے اپنی تیاریاں مکمل کر لیں۔الحمرا مال اور الحمرا کلچرل دونوں کمپلیکس سے عوام کو اپنے ادبی و ثقافتی رنگ دیکھنے کا موقع ملے گا۔

تھیٹر فیسٹیول، موسیقی،بچوں کے پروگرام، کتا ب میلہ،ادبی وثقافتی کانفرنس،نمائش ودیگر پروگرام ہونگے۔فیسٹیول لہور لہور اے میں نامور گلوکار ساحر علی بگا، حدیقہ کیانی، نصیبو لعل، عارف لوہار، حسن رحیم، حمیرا ارشد، سائیں ظہور، ندیم عباس لونے والا و دیگر آرٹسٹ پرفارم کریں گے۔

(جاری ہے)

فیسٹیول میں پنجاب بھر سے علاقائی ثقافتی رنگوں کو بھرپور انداز میں زندہ دلانِ لاہور کے لئے پیش کیا جائے گا۔

فیسٹیول کا آغاز مورخہ 28اکتوبر 2023بروز ہفتہ کو الحمرا آرٹ گیلری میں لگائی گئی نمائش پنجاب آرٹ ایگزی بیشن سے ہوگا۔ہر روز شائقین فن کو رنگا رنگ پروگرام دیکھائے جائیں گے۔ ادبی و ثقافتی موضوعات پر بامعنی مکالمے معاشرہ کے حسن میں اضافہ کا باعث ہونگے۔تمام سرگرمیوں کا مقصد پنجاب کی تہذیب و تمدن،زبان و ادب، ثقافتی اقدار کو نوجوان نسل کے سامنے پیش کرنا ہے۔فیسٹیول میں الحمرا کے دونوں کمپلیکسز کو سجایا جائے گا،فیسٹیول میں بڑی تعداد میں شائقین الحمرا کا رخ کریں گے۔