فیصل آباد کو تمباکو نوشی سے پاک شہر بنانے کا عزم ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ

اتوار 29 اکتوبر 2023 21:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2023ء) وزارت صحت حکومت پاکستان،ضلعی انتظامیہ اور سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے گورنمنٹ سی ایس او نیٹ ورک برائے انسداد تمباکو نوشی''تمباکو نوشی سے پاک فیصل آباد''کے حوالے سے ویسٹ ان ہوٹل میں تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیاجس میں 50 سے زائد این جی اوز کے سربراہان نے شرکت کی۔

تقریب کی مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ ثمینہ سیف نیازی تھیں جبکہ پراجیکٹ منیجر وزارت صحت حکومت پاکستان محمد آفتاب احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرآمنہ عالم،صادق الحسن ڈویژنل کوآرڈینیٹر برائے انسداد تمباکو نوشی نے تربیتی نشست سے خطاب کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ/عملدرآمد انچارج برائے انسداد تمباکو نوشی سیل ثمینہ سیف نیازی نے فیصل آباد کو تمباکو نوشی سے پاک شہر بنانے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کو ہدایات کی کہ سی ایس او نیٹ ورک کو ریوائز کر کے مزیداین جی اوز کو شامل کیا جائے اورضلع فیصل آباد میں تحصیل لیول پر آگاہی کا فوری آغاز کریں جس کی سربراہی اسسٹنٹ کمشنرز کریں گے اور ماہانہ رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس فیصل آباد میں جمع کرائیں۔پراجیکٹ منیجر محمد آفتاب احمد نے این جی اوز کے سربراہان کو انسداد تمباکو نوشی کے قوانین سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد افراد سالانہ تمباکو نوشی کی وجہ سے لقمہ اجل بن جاتے ہیں اور 1200 پاکستانی بچے جن کی عمر 5 سے 15 سال کے درمیان ہے روازانہ تمباکو نوشی شروع کرتے ہیں جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔

حکومت پاکستان کو نہ صرف نئے آنے والوں کا راستہ روکنا ہے بلکہ تمباکو نوشی کرنے والوں کو اس لعنت سے چھٹکارے لے لئے ان کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت قومی صحت پاکستان ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر تمباکو نوشی کے خاتمے اور تمباکو نوشی سے پاک شہر بنانے تک اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی آرگنائزیشن تمباکو نوشی کے نقصانات اور انسداد تمباکو نوشی کے قوانین بارے آگا ہی فراہم کر کے عوام دوست ماحول بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال نے کہا کہ تمام این جی اوز ماہانہ تمباکو نوشی سے پاک فیصل آباد پر سرگرمیاں سر انجام دیں گی۔تقریب کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ/عملدرآمد انچارج برائے انسداد تمباکو نوشی سیل نے ویسٹ ان ہوٹل کو تمباکو نوشی سے پاک ہوٹل کا افتتاح کیا۔