پی سی بی کا ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کرنے کا فیصلہ

منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف سابق کپتانوں اور سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کریں گے، ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق سے فیڈ بیک لیا جائےگا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 11 نومبر 2023 21:41

پی سی بی کا ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کرنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 نومبر2023ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف سابق کپتانوں اور سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کریں گے، ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق سے فیڈ بیک لیا جائےگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے کوچنگ سٹاف میں تبدیلی کا امکان ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پی سی بی میں کوچنگ کے لیے جسٹن لینگر کا نام بھی لیا جانے لگا ہے تاہم کرکٹ بورڈ کے کچھ اعلیٰ عہدیدار آسٹریلیا کا دورہ سر پر ہونےکی وجہ سے تبدیلیاں نہ کرنےکا مشورہ دینے لگے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت کریں گے،کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں پر قانونی مشاورت بھی ہوگی، ریڈبال اور وائٹ بال کے لیے الگ الگ کپتان بھی مشاورتی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سابق کپتان محمد حفیظ سے ایک بار پھر بورڈ رابطہ کرنےکا خواہشمند ہے، عمرگل، اظہر علی، سعید اجمل، مشتاق احمد، عاقب جاوید اور محسن خان سے مشاورتی عمل ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم رواں ورلڈکپ کے دوران 9 میں سے صرف 4 فتوحات حاصل کر سکی۔ تاہم کولکتہ میں انگلینڈ کیخلاف شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم ورلڈکپ میں پانچویں پوزیشن بچانے میں کامیاب رہی، پاکستان کو پانچویں پوزیشن بچانے کیلئے کم از کم 188 رنز درکار تھے۔

پاکستان کی جانب سے صرف آغا سلمان نصف سینچری اسکور کر کے نمایاں رہے، انہوں نے 51 رنز کی اننگ کھیلی، جبکہ انگلینڈ کی جانب سے اپنے کیرئیر کا آخری ایک روزہ میچ کھیلنے والے ڈوڈ ولی 3 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن 244 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ قومی ٹیم اپنی اننگ کے آغاز میں ہی آفیشلی ورلڈ کپ 2023ء سے باہر ہوگئی تھی۔

ورلڈکپ کے 44 ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 338 رن کا ہدف دیا، پاکستان کو اگر سیمی فائنل میں پہنچنا تھا تو یہ ہدف 6.2 اوور میں پورا کرنا تھا۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے اوپنرز نے ٹیم کو 82 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، تاہم ڈیوڈ ملان 31 اور جونی بیرسٹو 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، تیسری وکٹ کی شراکت میں بین سٹوکس اور جو روٹ نے 132 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

بین اسٹوکس نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 84 رنز جبکہ مڈل آرڈر بیٹر جو روٹ 60 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ہیری بروک نے 30 اور جوز بٹلر نے27 رن بنائے، معین علی 8 رن بناسکے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے3، محمد وسیم نے3، شاہین آفریدی نے 2 اور افتخار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رن بنائے۔