سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی ایک روپے 25 پیسے مہنگی کئے جانے کا امکان

نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا، بجلی کمپنیوں نے 22 ارب 92 کروڑ روپے وصولی کی درخواست کررکھی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 14 نومبر 2023 18:59

سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی ایک روپے 25 پیسے مہنگی کئے جانے ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 نومبر 2023ء) نیپرا کی جانب سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی ایک روپے پچیس پیسے مہنگی کئے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے جولائی تا ستمبر2023 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سماعت مکمل کرلی، سماعت چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی زیرصدارت ہوئی، نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پرسماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

درخواست کے مطابق تین ماہ کیلئے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ایک روپے 25 پیسے اضافہ بنتا ہے، مزید جانچ پڑتال کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنے کا فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ بجلی کمپنیوں نے 22 ارب 92 کروڑ روپے وصولی کی درخواست کررکھی ہے۔ دوسری جانب لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو ) نے سولر سسٹم سے بجلی کی پیداوار کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

میٹر ساز کمپنیوں نے بائی ڈائریکشنل میٹرز کی قیمتوں میں 6000 روپے تک کمی کر دی، بائی ڈائریکشنل میٹرز کی قیمتوں کو 42 ہزار سے کم کر کے 36000 روپے کر دیا گیا۔ اس سے قبل مارکیٹ میِں بائی ڈائریکشنل میٹرز کو بلیک میں مختلف قیمتوں پر فروخت کیا جا رہا تھا۔ لیسکو کی جانب سے میٹرز کی خریداری کو آٹ سورس کرنے پر قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا تھا۔ اسی طرح بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پرکمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات کا حجم 91.34 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 43.29 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات کا حجم 130.89 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، ستمبر میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات کا حجم 30.057 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا جو اگست میں 35.063 ملین ڈالر اورگزشتہ سال ستمبرمیں 52.78 ملین ڈالر تھا، مالی سال 2023 میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات پر356.59 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔