یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام ’’ایکشن ریسرچ ‘‘پر ویبینار کا انعقاد

جمعرات 16 نومبر 2023 15:46

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2023ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ملک فیروز خان نون بزنس سکول کے زیر اہتمام ایکشن ریسرچ پر ویبینار کا انعقاد کیا گیا ،جس میں یونیورسٹی آف اترا ملائیشیا سے پروفیسر ڈاکٹر زلیحہ اتمان نے ایکشن ریسرچ کے دائرہ کار اور طریقہ کار پر تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر نون بزنس سکول پروفیسر ڈاکٹر غلام علی بھٹی اوردیگر فیکلٹی ممبران سمیت طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر زلیحہ اتمان نے کہا کہ ایکشن ریسرچ ایک ایسا عمل ہے جس میں شرکاء تحقیق کی تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے منظم طریقے اور احتیاط سے اپنے تعلیمی عمل کا جائزہ لیتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ایکشن ریسرچ ایک تحقیقی طریقہ ہے جس کا مقصد ایک ہی وقت میں کسی مسئلے کی تفتیش کرنا ہے اور ایکشن ریسرچ میں تحقیق کا ایک مؤثر طریقہ بننے کی صلاحیت ہے کیونکہ یہ سماجی علوم کو کاروباری مشق میں شامل کرنے میں سہولت فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ایکشن ریسرچ تحقیق کرتی ہے اور ایک ہی وقت میں کارروائی کرتی ہے اور اس کو بنیادی طور پر دو اقسام شراکتی ایکشن ریسرچ اور پریکٹیکل ایکشن ریسرچ میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ اُنہوں نے روایتی تحقیق اور ایکشن ریسرچ میں فرق واضح کرنے کے ساتھ ساتھ ایکشن ریسرچ کے فوائد اور نقصانات پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے ایکشن ریسرچ کے فوائد بتاتے ہوئے کہا کہ ایکشن ریسرچ انتہائی قابل اطلاق ہے جس سے محققین اپنے تجزیئے کو اپنی انفرادی ضروریات کے مطابق ڈھال سکتے ہیں اور انفرادی سطح پر عملی تبدیلیاں لاگو کر سکتے ہیں۔