وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ آفس میں اجلاس کا انعقاد

جمعہ 24 نومبر 2023 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2023ء) پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار بڑے ہسپتالوں کے مجموعی طورپر70 لاکھ مربع فٹ ایریاکی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ آفس میں مسلسل تین گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلی پنجاب کو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن سمیت عوام کی سہولت کیلئے جاری 43 ترجیحی منصوبوں پرہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعلی نے لاہورکے گنگا رام ہسپتال،میو ہسپتال،جنرل ہسپتال،چلڈرن ہسپتال،سروسز ہسپتال،انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اپ گریڈیشن کومزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ ملتان کے چلڈرن ہسپتال، نشتر ہسپتال،نشتر ٹو،راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال،بے نظیر بھٹو ہسپتال، فیصل آباد میں الائیڈ ہسپتال، ڈی جی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 16برس سے تعطل کا شکار فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسزجوبلی ٹائون کوفنکشنل کیا جارہا ہے، مناواں کے ہسپتال کو میو کینسر ہسپتال بنایاجائے گاجبکہ انڈس ہسپتال جوبلی ٹائون میں بھی پنجاب کا پہلا مکمل کینسر ہسپتال بنا رہے ہیں، صوبے کی تاریخ میں پہلی بار سرکاری سطح پر کینسر کے دو ہسپتال آپریشنل کیے جائیں گے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے راوی پر نئے پل کی تعمیر کا کام جنوری تک مکمل اور امامیہ کالونی فلائی اوور اورعبداللہ پور فیصل آباد فلائی اوورسے متعلقہ امور کو جلد طے کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے ملحقہ اراضی پر فی الفورسرائے کی تعمیر شروع کی جائے۔وزیراعلی محسن نقوی کوڈرون فوٹیجز کے ذریعے منصوبوں پر ہونے والی ریئل ٹائم مانٹیرنگ سے آگا ہ کیاگیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ایک،ایک منصوبے پر ہونیوالی پیش رفت کا جائزہ لیا اورمتعلقہ سیکرٹریز کو موقع پر ہی ضروری ہدایات دیں۔

چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ افتخار سہو نے ہر منصوبے پر عملی پیشرفت کے بارے میں بریف کیا اورگوجرانوالہ کو سیالکوٹ لاہور موٹروے سے لنک کرنے کیلئے واہنڈو انٹرچینج سے بے نظیر چوک تک دو رویہ سڑک کی تعمیر،گجومتہ تا قصور فیروز پور روڈ اورمانگا رائیونڈ روڈکے پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں لاہور چڑیا گھر او رسفاری پارک کی اپ گریڈیشن،فیصل آباد، راولپنڈی اورگوجرانوالہ سیف سٹی اتھارٹی پراجیکٹس کے امورکے حوالے سے بریف کیاگیا۔

اجلاس میں گوجرانوالہ یونیورسٹی کے قیام اور ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ کی بحالی اور پارک کے قیام سے متعلق اپ ڈیٹ کیاگیا۔ صوبائی وز یر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بلال افضل،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔