ایچ آئی وی کے خاتمے کیلئے کمیونٹی کی سطح پر کوششوں، بصیرت اور پسماندہ آبادی تک صحت کی خدمات پہنچانے کی ضرورت ہے، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

جمعہ 1 دسمبر 2023 18:21

ایچ آئی وی کے خاتمے کیلئے کمیونٹی کی سطح پر کوششوں، بصیرت اور پسماندہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2023ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایچ آئی وی کے خلاف قومی رسپانس بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایچ آئی وی کے خاتمے کیلئے کمیونٹی کی سطح پر کوششوں، بصیرت اور پسماندہ آبادی تک صحت کی خدمات پہنچانے کی ضرورت ہے، اس بیماری سے نہ صرف بچا جا سکتا ہے بلکہ اس کاعلاج بھی ممکن ہے ، آج ہم ڈیٹا پر مبنی جدید حل اپنانے ، امتیازی سلوک کا خاتمہ کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں ۔

ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایڈز کے خاتمے کا عالمی دن "کمیونٹیز کو رہنمائی کرنے دیں" کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، دن منانے کا مقصد ایڈز کے خاتمے میں کمیونٹیز کے کردار کو اجاگر کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت کا نظام مستحکم کرنے ، نئے انفیکشن کم کرنے ، شواہد پر مبنی پالیسیاں اور منصوبے اپنانے کی ضرورت ہے ، ایچ آئی وی کی روک تھام، تشخیص اور علاج تک رسائی یقینی بنانا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایچ آئی وی سے متاثرہ تمام افراد کو تحفظِ صحت فراہم کرنے کیلئے کام کر رہا ہے، ایڈز سے متاثرہ افراد کا معیار زندگی بہتر بنانے کی صلاحیت اور عزم موجود ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز، بشمول میڈیا اور کمیونٹی رہنماء بیماری کا پھیلاؤ روکنے کیلئے آگاہی پیدا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی کی منتقلی کی روک تھام، نگرانی کا نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے ، بیماری کے خاتمے کیلئے عملے کو تربیت دینا ، ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہوگا،مستقبل کے بےشمار مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے ماضی کی کامیابیوں اور چیلنجز پر غور کرنا ہوگا،پاکستان صحت سہولیات تک رسائی بڑھانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔