پہلا ٹیسٹ، بنگلہ دیش کے 332رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنا لئے

جمعہ 1 دسمبر 2023 18:23

سلہٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2023ء) بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کی پوزیشن مضبوط ہوگئی، بنگلہ دیش کے 332 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم چوتھے روز کھیل کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنا سکی، بنگلہ دیشی بائولر تیجل الاسلام نے 4 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی میچ میں پوزیشن مستحکم بنا دی، اس سے قبل بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 338 رنز بنا کر کیوی ٹیم کو فتح کیلئے 332 رنز کا ہدف دیا تھا۔

جمعہ کو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز 3 کھلاڑی آئوٹ 212 رنز پر دوبارہ شروع کی تو نجم الحسن شنٹو 104 اور مشفیق الرحیم 43 رنز پر کھیل رہے تھے تاہم نجم الحسن گزشتہ روز کے سکور میں ایک رن کا اضافہ کرنے کے بعد ہی آئوٹ ہوگئے، مشفیق الرحیم نے دوسرے اینڈ پر وکٹ کو سنبھالے رکھا، 248 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کی پانچویں وکٹ گری جب شہادت حسین 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، بنگلہ دیش کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی مشفیق تھے جنہوں نے67 رنز بنائے، اس موقع پر مہدی حسن میراز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی جبکہ دوسرے اینڈ پر وکٹیں مسلسل گرتی رہیں، نور الحسن 10، نائم حسن 4، شریف الاسلام 10 اور تیجل الاسلام صفر پر آئوٹ ہوگئے، اس طرح بنگلہ دیش ٹیم اپنی دسری اننگز میں 338 رنز پر آئوٹ ہوگئی اور نیوزی لینڈ کو میچ میں فتح کے لئے 332 رنز کا ٹارگٹ دیا، کیوی بائولر اعجاز پٹیل نے چار، ایش سودھی نے 2 جبکہ ٹم ساوتھی اور گلین فلپس نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن انداز میں کیا اور 60 کے مجموعی سکور پر آدھی ٹیم آئوٹ ہوگئی، اوپنر ٹام لیتھم صفر، ڈیون کونوے 22، کین ولیمسن 11، ہینری نکولس 2 اور ٹام بلنڈل 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ڈیرل مچل نے ایک اینڈ پر وکٹ کو سنبھالے رکھا تاہم دوسرے اینڈ پر وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 81 کے سکور پر گلین فلپس کی صورت میں گری ، فلپس 12 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کیل جیمیسن 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

چوتھے روز کھیل کے اختتام پر کیوی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنا لئے، ڈیرل مچل 44 اور ایش سودھی 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، بنگلہ دیشی بائولر تیجل الاسلام نے 40 رنز کے عوض 4 اہم وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا، شریف الاسام، مہدی حسن اور نائم حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح نیوزی لینڈ کو میچ میں فتح کیلئے مزید 219 رنز جبکہ بنگلہ دیش کو فتح کیلئے صرف تین وکٹیں درکار ہیں۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 310 رنز بنائے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے 317 رنز بنا کر سات رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔