ریڈیالوجسٹ نے سرجن بن کر آپریشن کردیا، شہری کی ٹانگ کاٹنا پڑ گئی

غلط آپریشن ہونے کے باوجود اسپتال نے لاکھوں روپے وصول کیے‘بیٹا

اتوار 3 دسمبر 2023 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2023ء) لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت نے شہری کو معذور کردیا ،ریڈیالوجسٹ نے سرجن بن کر ٹانگ کا آپریشن کردیا ،مریض کے اہل خانہ نے داد رسی کیلئے پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن میں درخواست جمع کروادی ۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق عبدالرشید جنہیں ٹانگ میں تکلیف ہوئی تو ڈاکٹر سے مشورہ کرنے ایک نجی ہسپتال پہنچے ،نجی ہسپتال میں ایکسرے اور الٹرا سائونڈ کے ڈاکٹر نے دعوی کیا کہ وہ سرجن کا کام بھی کرسکتا ہے ،مریض کو آپریشن تھیٹر میں شفٹ کیا مگر مبینہ طور پر درست آپریشن نہ کرسکا ،جس کے بعد مذکورہ ڈاکٹر مریض کو چھوڑ کر ہسپتال سے بھاگ گیا ،غلط آپریشن سے انفیکشن پھیل گیا جس کے باعث ٹانگ کاٹنی پڑی۔

مریض کے بیٹے کے مطابق غلط آپریشن ہونے کے باوجود ہسپتال نے لاکھوں روپے وصول کیے ،انفیکشن جسم کے دوسرے حصے میں پھیلنے کی وجہ سے والد کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔اہل خانہ نے نجی ہسپتال کے خلاف کارروائی کیلئے ہیلتھ کئیر کمیشن میں درخواست جمع کروادی ہے ۔ نجی اسپتال کا موقف ہے کہ پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن میں کیس کا جواب دیں گے۔

متعلقہ عنوان :