6 دسمبر کو نیشنل کانفرنس میں شرکت کے لیے جہلم سے ایک بڑا قافلہ اسلام آباد روانہ ہو گا، جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر قافلہ کی قیادت کریں گے

Tariq Majeed Khokhar طارق مجید کھوکھر پیر 4 دسمبر 2023 18:43

6 دسمبر کو نیشنل کانفرنس میں شرکت کے لیے جہلم سے ایک بڑا قافلہ اسلام ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 دسمبر2023ء) 6 دسمبر کو نیشنل کانفرنس میں شرکت کے لیے جہلم سے ایک بڑا قافلہ اسلام آباد روانہ ہو گا، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے ایک مشاورتی اجلاس میں کیا، انہوں نے مزید کہا کہ جہلم کے عوام مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بڑی تعدادمیں قافلے کی صورت میں نیشنل کانفرنس میں شرکت کریں گے، مجھے لوگوں سے مل کر بڑا حوصلہ ملا کہ اہلیان جہلم اس حوالے سے بڑا جوش و جذبہ رکھتے ہیں اور ہر طرح سے اپنے فلسطینی بھائیوں کے حق میں اپنی آواز اٹھانا چاہتے ہیں۔

کانفرنس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایک بڑے پلیٹ فارم پر ایسے پروگرام کی حالات حاضرہ کے مطابق اشد ضرورت تھی۔

(جاری ہے)

مذہبی جماعتوں کے قائدین کا یہ فیصلہ قابل تحسین اور لائق ستائش ہے۔ملک بھر کی مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کانفرنس سے خطاب کریں گے اور عوام الناس کو فلسطین کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے اپنے لائحہ عمل اور ایک متفقہ نکتہ نظر سے آگاہ کریں گی، کیونکہ اس امر کی شدید ضرورت ہے کہ مسلمانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر بیدار کیا جائے اور فلسطین میں ہونے والے ظلم کو رکوانے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائیں جائیں اور اس حوالے سے بیداری مہم چلائی جائے۔

حافظ عبدالحمید عامر نے مزید کہا کہ 6 دسمبر بروز بدھ کو گردو نواح سے قافلے سب سے پہلے جامعہ علوم اثریہ جہلم جمع ہوں گے اور بعد ازاں 9 بجے صبح ایک بڑے قافلے کی صورت میں اسلام آباد کی طرف روانہ ہوں گے۔