معروف نعت خواں جنید جمشید کی ساتویں برسی(کل) 7دسمبر کو منائی جائے گی

1987 میں ریلیز ہونے والے گیت’’دل دل پاکستان‘‘نے خاص طور پر جنید جمشید کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا

منگل 5 دسمبر 2023 11:20

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2023ء) معروف نعت خواں جنید جمشید کی ساتویں برسی(کل) 7دسمبر کو منائی جائے گی اس سلسلے میں مختلف شہروں میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ جنید جمشید 3 ستمبر 1964ء کوکراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے وائٹل سائز کے نام سے پاپ موسیقی کا بینڈ تشکیل دیا جس میں بطور گلو کار 1987ء میں کیریئر کا آغاز کیا۔

1987 میں ریلیز ہونے والے گیت’’دل دل پاکستان‘‘نے خاص طور پر جنید جمشید کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا، ان کے بینڈ کو پاکستانی ’’پنک فلوائڈ‘‘ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا تھا۔اس بینڈکی جانب سے ملی نغمہ ’’ دل دل پاکستان جاں جاں پاکستان ‘‘ متعارف کرایا جو عوام میں بے حد مقبول ہوا۔ 2004ء میں معروف سکالر مو لانا طارق جمیل سے ملاقات نے جنید جمشید کی زندگی بدل دی اور گلوکاری میں بے پناہ شہرت کے باوجود ان کا رجحان دینی تعلیمات، درس و تدریس اور حمد و ثناء کی طرف ہو گیا۔

(جاری ہے)

گلوکار ی کو خیرباد کہہ کر 2005ء میں اپنی خوبصورت آواز میں انہو ں نے پہلا نعتیہ البم ’’جلوہ جاناں‘‘ ریلز کیا۔ بعد ازاں یہ سلسلہ چلتا رہا۔ انہیں 2007ء میں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ وہ 7 دسمبر 2016ء کو چترال سے اسلام آباد جاتے ہوئے حویلیاں کے قریب طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہو گئے تھے۔