معروف شاعرہ رفعت وحید کے پنجابی شعری مجموعہ '' سولی ٹنگیا سورج'' کی تقریب پزرائی کا انعقاد

بدھ 6 دسمبر 2023 17:23

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2023ء) پنجاب آرٹس کونسل اوربزم اہل قلم پاکستان کے اشتراک سے معروف شاعرہ رفعت وحید کے پنجابی شعری مجموعہ '' سولی ٹنگیا سورج'' کی تقریب پزرائی کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا یہ سعادت سینئر پروڈیوسر پی ٹی وی اور شاعر علی بن عزیز نے حاصل کی جبکہ حافظ محمد جمیل نے کتاب سے انتخاب پنجابی نعتیہ کلام ترنم سے پیش کر کے سماں باندھ دیا۔

بزمِ اہل ِ قلم پاکستان کے صدر ڈاکٹر فرحت عباس نے اپنے اظہار خیال کے ساتھ محفل میں شریک تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ادبی تقریب کی صدارت ممتاز شاعر و نقاد ڈاکٹر نثار ترابی نے کی جبکہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے معروف شعراء صفدر وامق، جناب نسیم سحر اور گجرات سے تشریف لائے ہوئے شاعر علی احمد گجراتی تھے۔

(جاری ہے)

نامور نقاد اور بزرگ شاعر جمیل یوسف بطور مہمان اعزاز شریک ہوئے۔

''سولی ٹنگیا سورج ''جذبے، تخیل زبان اور اسلوب کی تازہ کاری کی بنا پر ایک قابل تحسین شعری کاوش ہے۔ یہ شاعری پنجاب کی تہذیب روایت اور اس کے سماج کے رس رچاؤ کی نمائندہ ہے۔ تخلیقی ندرت اور فکری و موضوعاتی برتاؤ کے اعتبار سے یہ شاعری پنجابی شعری روایت میں ایک اضافے کی حیثیت رکھتی ہے۔ عصری زندگی سے جڑے ہوئے موضوعات کو شاعرہ نے بڑے دلپذیر پراثر انداز و اسلوب میں پیش کیا ہے۔

خطہ پوٹھوہار میں شاعرہ کو یہ خصوصی ادبی اعزاز حاصل ہے کہ یکے بعد دیگرے اپنے دو فکر انگیز شعری مجموعوں کے ساتھ شاعرہ نے خود کو دو پنجابی مجموعوں کی واحد تخلیق کار ثابت کیا ہے قبل ازیں ان کا ایک اردو شعری مجموعہ ''سمندر استعارہ ہے '' کے نام سے شائع ہو کر ملک گیر شہرت حاصل کر چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملک کے متعدد ممتاز شعراء نے معروف شاعرہ رفعت وحید کے دوسرے پنجابی شعری مجموعے ''سولی ٹنگیا سورج '' کی تعارفی تقریب کے موقع پر کیا۔

معروف شعراء و ادباء عالی شعار بنگش، نیئر سرحدی، شہباز چوہان، پروفیسر خلیل الرحمٰن، مظہر شہزاد خان اور محمد اکبر نیازی نے رفعت وحید کی شاعری اور شخصیت کے حوالے سے مضامین پڑھے اور مبشر سلیم بشر نے شاعرہ پر لکھی نظم پڑھی معروف ادبی شخصیت معین قریشی نے تنظیم کی طرف سے پھول پیش کیے۔ اس موقع پر شاعرہ کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں بزم اہل قلم پاکستان کی جانب سے اہل قلم ایوارڈ سے بھی نوازا گیا جڑواں شہروں میں مقیم متعدد قابل ذکر قلم کاروں اور فنکاروں اور ادبی تنظیموں کے عہدیداران نے کثیر تعداد میں اس ادبی تقریب میں شریک ہوئے۔\378