الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے کل ووٹرڈے منایا جائیگا

مقصد لوگوں میں ووٹ کی اہمیت اور ووٹرز کے ملکی ترقی اور جمہوری عمل میں کردار کو اجاگر کرنا ہے

بدھ 6 دسمبر 2023 23:23

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے  کل ووٹرڈے منایا جائیگا
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2023ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر I، باسل اکرم نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے ہر سال 7 دسمبرووٹرڈے کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد لوگوں میں ووٹ کی اہمیت اور ووٹرز کے ملکی ترقی اور جمہوری عمل میں کردار کو اجاگر کرنا ہے اس دن کی مناسبت سے ملکی،صوبائی،ڈویژن،ضلع اور تحصیل سطح پر ووٹر کو آگاہی پروگرامز منعقد کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد جمہوری عمل کو تقویت دینا ہے تا کہ ہمارا ملک اور اس کے ادارے اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنا حصہ ڈالتے رہیں اورملک کو مستحکم کرسکیں۔ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ووٹ حق کے ساتھ ساتھ ہمارے لئے فرض کی حیثیت بھی رکھتا ہے اور الیکشن کے دن ہمیں اپنے ووٹ کی اہمیت کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کی خاطر اپنے گھروں سے نکل کر اس کو استعمال کرنا بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان ہمیشہ سے ووٹ اور ووٹروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور آئندہ بھی اپنی کوششوں کو بروئے کار لاتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر لوگوں سے گزارش ہے کہ آمدہ الیکشن میں اپنے ووٹ کی طاقت سے ملکی ترقی اور جمہوریت کو قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ان کے چنے گئے نمائندگان اسمبلی میں قانون سازی اور علاقے کی بہتری کے لئے اقدامات کر سکیں۔