عراق میں امریکی سفارت خانے کے قریب دھماکوں کی اطلاعات

جمعہ 8 دسمبر 2023 14:10

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) عراق کے دارالحکومت بغداد کے انتہائی حساس علاقے گرین زون میں امریکی سفارت خانے کے قریب دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پر بغداد کے گرین زون کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جن میں امریکی سفارت خانے کے قریب دھماکوں کی آوازوں کے ساتھ ساتھ سائرن کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی سفارت خانے کے اہلکاروں نے فوری طور پر دھماکوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا ہے۔ فوری طور پر یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا امریکی سفارت خانے کا ڈیفنس سسٹم دھماکوں کے بعد فعال ہو گیا تھا یا وہاں کوئی نقصان بھی ہوا ہے۔واضح رہے کہ بغداد کے گرین زون میں دھماکے جمعے کی علی الصباح لگ بھگ4 صبح بجے سنے گئے اور فوری طور پر کسی بھی گروپ نے ان دھماکوں کی ذمے داری قبول نہیں کی۔