وزارت صحت حکومت پاکستان اور تمباکو کنٹرول سیل ، تمباکو کے استعمال کو محدود کرنے کے لئے امید افزاء کام کر رہے ہیں، رپورٹ

جمعہ 8 دسمبر 2023 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) گلوبل ٹوبیکو انڈسٹری انٹرفیرنس انڈیکس نے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ تمباکو کی صنعت میں شفافیت کو یقینی بنائیں تاکہ تمباکو کنٹرول کی پالیسیوں اور ان کے نفاذ کے عمل میں مداخلت کے واقعات میں کمی آئے ۔ وزارت صحت حکومت پاکستان اور تمباکو کنٹرول سیل ، تمباکو کے استعمال کو محدود کرنے کے لئے امید افزاء کام کر رہے ہیں ۔

انڈیکس اس بات پر زور دیتا ہے کہ تمباکو کی صنعت کو پیداوار، مارکیٹ شیئر، مارکیٹنگ کے اخراجات، محصولات اور تحقیق اور لابنگ کے اخراجات سمیت کسی بھی دوسری سرگرمی کے بارے میں باقاعدگی سے شفاف اور درست معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ فریم ورک کنونشن فار ٹوبیکو کنٹرول (ایف سی ٹی سی ) کے آرٹیکلز کو نافذ کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

چوتھی گلوبل ٹوبیکو انڈسٹری انٹرفیس انڈیکس رپورٹ 2023سوسائٹی فار الٹرنیٹیو میڈیا اینڈ ریسرچ (SAMAR) نے جاری کی ، ثمر پاکستان میں تمباکو کنٹرول کے لیے کام کرنے والی تنظیم ہے۔

گلوبل ٹوبیکو انڈیکس پاکستان میں عوامی دستاویزات میں موجود معلومات پر مبنی ہے۔پاکستان عا لمی انڈیکس پر مجموعی طور پر گزشتہ سال سے 5 پوائنٹ کی تنزلی سے 48 کے مقابلے میں 53 سکور کے ساتھ ، 90 ممالک کے مابین 32 ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ گزشتہ انڈیکس میں پاکستان 80 ممالک کے مابین 17ویں پوزیشن پر موجود تھا ۔ پاکستان ٹوبیکو انڈسٹری انٹر فیرنس انڈیکس 2023 کی تقریب رونمائی میں ثناء اللہ گھمن پناہ ، خرم ہاشمی ، سینیئر ٹیکنیکل ایڈوائزر وائٹل سٹریٹیجی ، ثانیہ علی خان فوکل پوائنٹ دی سٹاپ، ڈاکٹر وسیم جنجوعہ ایڈوائزر ایس ڈی پی آئی ، شادمان عزیز پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ایسوسی ایشن فار بہٹر پاکستان ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ثمر مظہر عارف ، کمیونیکشن افسر اشفاق احمد اور پراجیکٹ کو آرڈینیٹر ذیشان دانش شامل تھے ۔

مقررین نے کہا کہ این ٹی سی ایس کے بعد کے منظر نامے میں یہ ایک بروقت رپورٹ ہے اور امید ہے کہ حکومت اس رپورٹ کی سفارشات پر عملدرآمد کرے گی۔ نوجوانوں کو روایتی اور نئی تمباکو کی مصنوعات کے خطرات سے بچانے کے لیے تمباکو پر قابو پانے کے پائیدار اقدامات کو اپنانا اور ان پر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہےجیسا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی تمباکو انڈسٹری کی مہلک مصنوعات اور اس کے فرنٹ گروپس کے اس جھوٹے پروپیگنڈے سے عوام کو بچانے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر’’جھوٹ بند کرو‘‘ مہم کا باضابطہ آغاز کیا ہے۔

اس ضمن میں نیشنل ٹوبیکو کنٹرول سٹریٹیجی کو یکسوئی کے ساتھ نافذ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل اور عوام کو تمباکو اور انڈسٹری کی جانب سے کے گئے اقدامات سے بچایا جا سکے ۔ امید ہے کہ حکومتی ادارے رپورٹ میں شامل سفارشات پر عمل درآمد کروانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔