ریاض میں نمائش، سعودی کھجوروں پر مبنی 6 بین الاقوامی پکوان پیش

تمائش کا اہتمام نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس نے ریاض نمائش اور کنونشن سینٹر میں کیا،رپورٹ

ہفتہ 9 دسمبر 2023 15:22

ریاض میں نمائش، سعودی کھجوروں پر مبنی 6 بین الاقوامی پکوان پیش
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2023ء) سعودی دارالحکومت ریاض میں 6 بین الاقوامی کچن اکٹھے ہوگئے جو سعودی کھجوروں پر مبنی پکوان کے تجربات پیش کر رہے ہیں۔ یہ مشہور و معروف پکوان مقامی بھی ہیں اور بین الاقوامی بھی۔ یہ سب کھجور کی دنیا کے نعرے کے تحت بین الاقوامی کھجوروں کی کانفرنس اور نمائش کے درمیان کیا جا رہا ہے۔ اس نمائش میں سعودی عرب کے مختلف علاقوں سے کھجور کے نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں۔

عرب ٹی وی کے مطابق نمائش کھجور کی دنیا عوام کو ہر قسم کی کھجوریں خریدنے اور چکھنے کا ایک منفرد تجربہ فراہم کر رہی ہے۔ نمائش میں کھجور بنانے والی صنعتوں کے لیے ایک خاص مقام بھی موجود ہے۔ یہاں عوام کو تازہ پکی ہوئی کھجوروں کی بہترین مصنوعات دکھائی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

نمائش میں کھجور کے درختوں اور کھجوروں سے متعلق سعودی عرب کی ثقافت اور ورثے کو تلاش کرنے کے لیے ایک میوزیم بھی بنایا گیا ہے۔

یہ میوزیم ہر عمر کے زائرین کو جزیرہ نما عرب اور سعودی عرب میں کھجور کے درخت کی کہانی پیش کرتا ہے۔کھجور کی دنیا کے چوتھے ایڈیشن کا افتتاح سعودی وزیر ماحولیات، پانی اور زراعت انجینئر عبدالرحمن الفضلی نے کیا۔ اس کا اہتمام نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس نے ریاض نمائش اور کنونشن سینٹر میں کیا ۔ یہ نمائش 14 دسمبر 2023 تک جاری رہے گی۔ نمائش میں متعدد وزرائے زراعت، فوڈ انڈسٹریز کے شعبے سے وابستہ اشرافیہ کے رہنما، کاروباری افراد اور مقامی اور بین الاقوامی باورچیوں نے شرکت کی۔

واضح رہے سعودی عرب نے کھجور کے شعبے میں زبردست ترقی کی ہے۔ یہاں پر 34 ملین کھجور کے درخت شامل ہیں ۔ سعودی عرب 1,280 ملین رالز کی برآمدی مالیت کے ساتھ تقریبا 1.6 ملین ٹن سالانہ پیداوار کے ساتھ کھجور کے سب سے بڑے برآمد کنندہ کے طور پر پہلے نمبر پر آیا ہے۔