وزیرداخلہ کا مولانا فضل الرحمان کو سیکورٹی تھریٹ سے متعلق بیان تشویشناک ہے

حکومت خوف پھیلانے کی بجائے اپنی ذمہ داری پوری کرے، حکومت بتائے مولانا کے تحفظ کیلئے کیا اقدامات کئے گئے، جےیوآئی کو انتخابات سے باہر رکھنے کی ہر سازش کا مقابلہ کیا جائے گا۔ ترجمان جے یوآئی (ف)

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 9 دسمبر 2023 18:15

وزیرداخلہ کا مولانا فضل الرحمان کو سیکورٹی تھریٹ سے متعلق بیان تشویشناک ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 دسمبر 2023ء) ترجمان جے یو آئی (ف) اسلم غوری نے وزیرداخلہ کا مولانا فضل الرحمان کو سیکورٹی تھریٹ سے متعلق بیان تشویشناک قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خوف پھیلانے کی بجائے اپنی ذمہ داری پوری کرے، حکومت بتائے مولانا کے تحفظ کیلئے کیا اقدامات کئے گئے؟ ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیرداخلہ کا مولانا فضل الرحمان کی سیکورٹی تھریٹ سے متعلق بیان تشویشناک ہے، حکومت تشویش اور خوف پھیلانے کی بجائے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔

حکومت بتائے کہ سربراہ جے یو آئی کے تحفظ کے لئے کیا اقدامات کئے گئے؟ اگر حکومت اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرسکتی تو ناکامی کا اعلان کرے۔ اسلم غوری نے کہا کہ جے یو آئی کارکن اپنی قیادت کی حفاظت خود کرنا جانتے ہیں۔

(جاری ہے)

جےیوآئی اور اس کی قیادت کو انتخابات سے باہر رکھنے کی ہر سازش کا مقابلہ کیا جائے گا، انتخابات سے قبل اس قسم کے بیانات دے کر عوام کو خوف وہراس میں مبتلا کیا جارہا ہے، جے یوآئی کو عوام سے دور رکھنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکتی، مولانا فضل الرحمان سمیت تمام شہریوں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ترجمان جےیوآئی کا کہنا ہے کہ ہماری امن وامان کی بات کو انتخابات سے فرار قرار دیا جاتا ہے، حکومت مولانا فضل الرحمان سمیت تمام جےیوآئی قیادت کی سیکورٹی کو یقینی بنائے۔ یاد رہے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی امن و امان کے حوالے سے بات درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 9 ماہ میں دہشتگردی میں 78 فیصد اضافہ ہوا ہے، الیکشن اور امن و امان سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کی جائے گی۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہ مولانا فضل الرحمان دلیرآدمی تھے رُکے نہیں، انہیں فول پروف سکیورٹی دی، سکیورٹی کے حوالے سے چیلنجز درپیش ہیں، الیکشن ایس اوپیز، امن و امان کے حوالے سے اسی ہفتے تمام پارٹیوں سے بات چیت کریں گے، امن و امان ہمارا سبجیکٹ ہے۔