سندھ میں اربوں روپے کی سرکاری گندم چوری ہونے کا انکشاف

ایک فوڈ کنڑولر خیرپور نے 3 کروڑ کی مبینہ کرپشن کی ہے، کھلے اسمان تلے گندم رکھنے پر ساڑھے سات ارب کا نقصان ہوا، رپورٹ

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 11 دسمبر 2023 21:40

سندھ میں اربوں روپے کی سرکاری گندم چوری ہونے کا انکشاف
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 دسمبر2023ء) سندھ میں اربوں روپے کی سرکاری گندم چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ آڈٹ حکام نے اپنی ایک تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ سندھ کے 12 اضلاع کے محکمہ فوڈ میں اربوں روپے کی گندم چوری، فراڈ اور غبن ہوا ہے۔ سندھ کے چار اضلاع میں وقت پر گندم اسٹاک نہ نکالنے پر 1 ارب روپے کا نقصان ہوا، ضلع مٹیاری کے ایک فوڈ انسپکٹر نے ایک ارب روپے کی گندم خورد برد کی یا کرائی۔

رپورٹ کے مطابق باردانہ خریداری اور ٹرانسپورٹ کی مد میں محمکہ فوڈ کو 50 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، گھوٹکی اور لاڑکانہ میں دو کروڑ روپے کی گندم چوری ہوئی۔ محکمہ فوڈ سندھ کے مطابق یہ معاملہ مالی سال 2021 اور 2022 میں سامنےآیا تھا، مبینہ کرپٹ افسران اور حکام کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ایک فوڈ کنڑولر خیرپور نے 3 کروڑ کی مبینہ کرپشن کی ہے، کھلے اسمان تلے گندم رکھنے پر ساڑھے سات ارب کا نقصان ہوا۔

ادھر چیف سیکریٹری سندھ نے سرکاری اسکولوں کے فرنیچر کی خریداری میں کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث 2 افسران کو 3ماہ کیلئے معطل کردیا۔ سرکاری اسکول کے فرنیچر کی خریداری میں 13 کروڑ روپے کی کرپشن کے کیس میں چیف سیکریٹری سندھ نے 2 افسران کو 3ماہ کیلئے معطل کردیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ ذرائع محکمہ تعلیم نے بتایا کہ سکھر کے اسکولوں کے لئے خریدے گئے فرنیچر کے فنڈز میں کرپشن کی گئی، سپرنٹنڈنٹ عبدالرشید ابڑو نے ڈپٹی ڈائریکٹر منور مغل سے ملکرکرپشن کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ من پسند ٹھیکیدار کو ٹینڈر دے کر 13 کروڑ کمیشن حاصل کیا گیا ہے۔ چیف سیکریٹری نے واضح کہا کہ افسران کوانکوائری کے بعد مزید ثبوت ملنے پر نوکری سے فارغ کیا جاسکتا ہے۔ 

متعلقہ عنوان :