وہ پاکستانی کھلاڑی جس نے نہ سکور بنایا، نہ کوئی وکٹ لی لیکن پھر بھی مین آف دی میچ بن گئے

شاداب کیبر نے 1996ء میں اپنا ون ڈے ڈببیو کیا اور سارے میچز میں کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 دسمبر 2023 16:27

وہ پاکستانی کھلاڑی جس نے نہ سکور بنایا، نہ کوئی وکٹ لی لیکن پھر بھی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 دسمبر 2023ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ماضی میں ایسے بھی کھلاڑی رہے ہیں جنہوں نے 3 ون ڈے میچز کھیلے، تینوں میں صفر پر آوٹ ہوئے لیکن پھر بھی ”مین آف دی میچ “ قرار پائے ۔ نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق یہ کھلاڑی شاداب کبیر ہیں جنہوں نے 1996ء میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا ۔ شاداب نے پاکستان کے لئے تین ون ڈے کھیلے اور سبھی میں صفر پر آؤٹ ہوئے اور کوئی وکٹ بھی حاصل نہ کرسکے، انہیں واحد خوشی فیلڈنگ میں ملی جب انہوں نے ثقلین مشتاق کی گیند پر گراہم لائیڈ کا کیچ پکڑا۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز اور دائیں ہاتھ کے آف بریک باؤلر شاداب نے اپنے کیریئر کا آغاز یکم ستمبر 1996ء کو انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں کیا تھا۔ اپنے ڈیبیو میچ میں وہ صرف دو گیندیں کھیل سکے اور کوئی رن بنائے بغیر ایڈم ہولیک کا شکار بنے۔

(جاری ہے)

ٹریٹ برج میں کھیلے گئے اس میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی کیلئے پوری پاکستانی ٹیم کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

اس میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 246 رنز بنائے تھے۔ ٹیم کی 10ویں وکٹ اننگز کے آخری اوور میں گری تھی۔ پاکستان کی جانب سے وسیم اکرم نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کی تھیں جب کہ وقار یونس، شاہد نذیر اور ثقلین مشتاق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ جواب میں پاکستان نے سعید انور (62)، شاہد انور (37)، اعجاز احمد (59)، عامر سہیل (29) اور راشد لطیف (ناٹ آؤٹ 31) کی اننگز کی بدولت 247 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔

عام طور پر ایسا نہیں ہوتا، لیکن آٹھ وکٹوں کی اس فتح کے بعد پوری پاکستانی ٹیم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا اور اس میں شاداب کبیر بھی شامل تھے۔ اس میچ میں شاداب نے ایک کیچ لیا تھا۔ اس کے بعد شاداب نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں 2 اور ون ڈے میچز کھیلے لیکن ان دونوں میچوں میں بھی وہ کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے۔ انہیں گیند بازی کا موقع بھی نہیں ملا اور انہوں نے کوئی کیچ بھی نہیں لیا۔

اس طرح تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں صفر رنز، صفر وکٹ اور ایک کیچ کے مایوس کن ریکارڈ کے ساتھ ان کے ون ڈے کیریئر کا اختتام ہوگیا۔ 12 نومبر 1977ء کو کراچی میں پیدا ہوئے 46 سالہ شاداب کبیر نے 1996ء سے 2002ء کے درمیان 5 ٹیسٹ بھی کھیلے اور 21.14 کی اوسط سے 148 رنز بنائے، اس دوران 55 رنز ان کا سب سے بڑا اسکور تھا۔ تاہم اس ناکام بین الاقوامی کیریئر کے باوجود شاداب کبیر نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت زیادہ رنز بنائے۔ انہوں نے 1995ء سے 2012ء کے درمیان 136 فرسٹ کلاس میچوں میں 31.78 کی اوسط سے 6961 رنز بنائے اور 81 لسٹ اے میچوں میں 38.53 کی اوسط سے 2813 رنز بنائے۔ انہوں نے فرسٹ کلاس میچوں میں 11 سنچریاں اور لسٹ اے میچوں میں چار سنچریاں بنائیں۔