پاکستان اوراٹلی موجودہ باہمی تجارت کودوگنا کرنے پرتوجہ دیں، احسن بختاوری

پاکستان معیشت کی بہتری کیلئے اٹلی کی جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائے۔ اطالوی وفد

ہفتہ 16 دسمبر 2023 19:24

ِاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2023ء) اٹلی سفارتخانے کے فرسٹ سیکرٹری آگسٹو پالمیری اور اطالوی ٹریڈ ایجنسی کے ڈائریکٹر سالواتور پرانو نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کے ساتھ دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو بہتر کرنے کے امور پر بات چیت کی۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کی تقریبا ایک ارب یورو کی باہمی تجارت دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے مطابقت نہیں رکھتی کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرسکتے ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بہتر نتائج کے حصول کیلئے دونوں ممالک باہمی تجارت کو کم از کم دوگنا کرنے پر وجہ دیں۔

(جاری ہے)

احسن بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی اپنے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط کو فروغ دینے کی کوشش کریں تاکہ باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کر کے کاروباری تعلقات کو مزید بہترکیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے بہت سے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ اٹلی کے سرمایہ کار ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں جبکہ چیمبر اس سلسلے میں ان کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔

اس موقع پر اٹلی کے سفارتخانے کے فرسٹ سیکرٹری آگسٹو پالمیری اور اطالوی تجارتی ایجنسی کے ڈائریکٹر سالواتور پارانو نے کہا کہ اٹلی کی سالانہ برآمدات 700 ارب یورو سے زائد ہیں اور دونوں ممالک بہتر نتائج کے حصول کے لیے مزید شعبوں میں تجارت کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی کے پاس جدید ٹیکنالوجی پائی جاتی ہے لہذا پاکستان اس شعبے میں اٹلی کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دے کر اپنی معیشت کو بہتر کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کے درمیان بی ٹو بی ملاقاتوں کا سلسلہ بڑھا کر کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے لہذا اس سلسلے میں اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی باقاعدگی سے تجارتی میلے اور نمائشیں منعقد کرتا ہے لہذا پاکستان کی بزنس کمیونٹی ان میں بھرپور شرکت کرے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

فاد وحید سینئر نائب صدر اور انجینئر اظہر الاسلام ظفر نائب صدر آئی سی سی آئی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت بڑھانے کے لیے اطالوی سفارتخانے اور اطالوی ٹریڈ ایجنسی کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ ظفر بختاوری، سابق صدر آئی سی سی آئی اور سیکرٹری جنرل یو بی جی پاکستان نے کہا کہ چیمبر اگلے سال جنوری میں ایک پاک اٹلی بزنس فورم منعقد کرنا چاہتا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون کے ممکنہ شعبوں کو اجاگر کیا جا سکے اور کہا کہ اطالوی سفارتخانہ اسے کامیاب بنانے میں تعاون کرے۔

چیمبر کے ایگزیکٹو ممبر امیر حمزہ، راجہ محمد امتیاز عباسی، محمد شبیر، چوہدری محمد علی، شیخ محمد اعجاز اور دیگر نے بھی اس موقع پر پاکسان اور اٹلی کی باہمی تجارت کو بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز دیں۔