سٹی یونیوسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پشاور میں 2روزہ عالمی تحقیقی کانفرنس کا انعقاد

بدھ 20 دسمبر 2023 17:12

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2023ء) سٹی یونیوسٹی پشاور میں پانچویں 2 روزہ عالمی تحقیقی کانفرنس کا آغاز ہوگیا ۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے ابتدائی و ثانوی اور اعلیٰ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم جان تھے۔ کانفرنس میں 200 کے قریب تحقیقی مقالے اور 10کلیدی مقالے پیش کئے جائیں گے ۔ کانفرنس میں پاکستانی اور بین الاقوامی مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔

پروفیسر تان چاؤ، ٹیان جن یونیورسٹی، چائینہ، ڈاکٹر ایم عمر فاروق، ایم آئی ڈی، ٹرانسپورٹیشن سنٹر امریکہ، ڈاکٹر فرقان عزیز جو کہ برطانیہ سے تشریف لائے ہیں ، اس کے علاوہ ڈاکٹر جہان بخت وائس چانسلر ایگریکلچر یونیورسٹی پشاور، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ، وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت اور پروفیسر ڈاکٹریحییٰ عابد بوٹ صوانہ انٹرنیشنل یونیورسٹی جنوبی افریقہ نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین کی جانب سے انجینئرینگ، منیجمنٹ سائنس، کمپیوٹر سائنس، آرٹفشل انٹلجنس، میتھ میٹکس، ہیلتھ سائنسز، انگلش، ایجوکیشن، سوشل سائنسز اور دیگر شعبہ جات کے بابت تحقیقی مقالات پیش کیے جائیں گے، تحقیقی مقالات کو پیش کرنے کے لیے مقررین نا صرف امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک سے تشریف لائیں ہیں بلکہ دنیا بھر سے مقررین نے آن لائن بھی شرکت کی۔

ملک بھر کے مختلف یونیورسٹیوں سے مندوبین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مہمان خصوصی نےخطاب میں سٹی یونیورسٹی کی انتظامیہ اور وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان مشکل حالات میں انہوں نے پانچویں عالمی کانفرنس کامیاب طریقے سے منعقد کی اور خاص کر بیرونِ اور اندرونِ ملک سے آنے والے پروفیسرز، سٹوڈنٹس کو سراہا کہ وہ ہمارے ملک و صوبے میں آئے اور اپنی تحقیق سے ہمیں روشناس کرایا۔آخر میں سٹی یونیورسٹی پشاور کے پریزڈنٹ محمد صبور سیٹھی نے مہمانوں کو شیلڈ پیش کی اور کانفرنس سیکرٹری ڈاکٹر فرہاد علی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔