سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر میں دھماکہ

نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے پھینکے گئے دستی بم کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے کے باعث گھر کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات، دھماکے والی جگہ پر گڑھا بن گیا، گھر کے گیٹ پر تعینات سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے

muhammad ali محمد علی بدھ 20 دسمبر 2023 21:33

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر میں دھماکہ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 دسمبر 2023ء) سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر میں دھماکہ، نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے پھینکے گئے دستی بم کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے کے باعث گھر کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات، دھماکے والی جگہ پر گڑھا بن گیا، گھر کے گیٹ پر تعینات سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے گھر میں زور دار دھماکہ ہوا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور کے علاقے گارڈن ٹاون میں واقعے میاں ثاقب نثار کے آبائی گھر پر 2 نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں کی جانب سے دستی بم پھینکنے کے نتیجے میں سابق چیف جسٹس کے گھر کے گیراج میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، گیراج میں گڑھا پڑ گیا، گیراج میں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

دھماکے کے بعد پولیس فوری طور پر سابق چیف جسٹس کے گھر پہنچ گئی۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں سابق چیف جسٹس کے گھر کے گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار اور گارڈز زخمی ہوگئے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق میاں ثاقب نثار اپنے اہلخلانہ کے ہمراہ گھر میں ہی موجود تھے، یہ لاہور میں ان کا آبائی گھر ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس کے بیٹے کو کچھ عرصے سے دھمکیاں بھی مل رہی تھیں، جبکہ ان کے گھر پر تعینات سیکورٹی جس میں رینجرز بھی شامل تھی، اسے بھی ہٹایا جا چکا۔

واقعے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے کہا کہ پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے، تفتیش کے بعد ہی معلوم ہو گا کہ کس نے اور کس مقصد کے تحت حملہ کیا۔ انہوں نے تایا کہ دھماکے کے نتیجے میں گھر کے کسی فرد کو نقصان نہیں پہنچا، اہل خانہ محفوظ رہے۔ جبکہ آئی جی پنجاب نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔