گمنام خطوط سکینڈل ‘ تفتیشی ارکان کیلئے کیش اور شیلڈز کا اعلان

شہر میں فرقہ وارانہ فسادات اور انارکی پیدا کرنے کی خوفناک سازش کو ناکام بنایا گیا‘ اظہر علی شاہ

جمعرات 21 دسمبر 2023 20:20

ی*پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 دسمبر2023ء) چیئرمین امامیہ کونسل اور قومی امن جرگہ کے صوبائی سیکرٹری جنرل سید اظہر علی شاہ نے گمنام خطوط سکینڈل کی بہترین تفتیش کرنے پر تفتیشی ارکان کیلئے ایک ایک لاکھ روپے کیش ایوارڈ اور شیلڈز کا اعلان کیا ہے جبکہ ایران قم سے علامہ ڈاکٹر سید ظفر علی نقوی کے حکم کی تعمیل میں نامزدملزم کے خلاف کسی بھی انتہائی اقدام کے اعلان کو واپس لیا ہے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اے ایس پی سٹی علی عبداللہ، ایس پی سٹی طیب جان اور ایس ایس پی کاشف عباسی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے سینئر آفیسرز نے گمنام خطوط سکینڈل کی تحقیقات کی نگرانی کی اورجدید سائنٹفک خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے شہر میں فرقہ وارانہ فسادات اور انارکی پیدا کرنے کی خوفناک سازش کو ناکام بنایا، اس سکینڈل کی تفتیش میں کلیدی کردار ادا کرنے والے تین اہلکار جن میں دو پولیس کے جونئیر آفیسر اور ایک سویلین اہلکار شامل ہے خصوصی طور پر خراج تحسین کے مستحق ہیں تفتیشی عملے کے جونئیر آفیسرز اور سویلین نے دن رات انتھک محنت اور جدوجہد کرکے ناقابل تردید شوائد حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی، سازش کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پہلا غلیظ خط تین نومبر کو منظر عام پر آیا جسکی تحقیقات کے لیے نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ کوتوالی میں درخواست جمع کرائی گئی، سات نومبر کو جب ایک ملزم کا پتہ چل گیا تو ملزم پر براہ راست دعویداری کر دی گئی اسکے بعد دوسرا خط 17 نومبر کو ارسال ہوا جب تفتیشی ٹیم خاموشی کے ساتھ دوسرے خط کے ثبوت اکٹھے کرنے میں کامیاب ہوئی تو اس دوران اس سکینڈل میں ملوث پورا نیٹ ورک کھل کر سامنے آگیا،اس مافیا نے مدعی اور اسکے ساتھیوں کو کیس سے دستبردار کرنے کے لیے بلیک میلنگ سمیت ہر ناجائز حربہ استعمال کیا یہاں تک کہ مدعی اور اسکا ساتھ دینے والے معززین شہریوں کے گھروں پر حملے بھی کروائے گئے، اس صورتحال نے سکینڈل کے تمام کرداروں اور پہلوؤں کو بری طرح بینقاب کردیا جس سے پتہ چلا کہ نامزد ملزم محض ایک مہرہ ہے جبکہ اسکا ماسٹر مائنڈ کوئی اور ہے، انہوں نے کہا کہ سکینڈل کے ماسٹر مائنڈ اور اسکے کارندوں کی طرف سے تفتیش کی راہ میںمسلسل رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور حقائق کو منظر عام پر آنے سے روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا جارہا ہے لیکن ہم آپکو یقین دلاتے ہیں کہ نہ صرف قانون اپنا راستہ خود نکالنے کا ھنر بخوبی جانتی ہیں بلکہ ایک محب وطن شہری اور مدعی کی حثیت سے یہ ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ ایسی تمام سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے ہر رکاوٹ کو دور کرنے میں پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، انہوں نے کہا کہ اب تک ڈیڑھ درجن کے قریب ایسے کردار سامنے آئے ہیں جو اس سازش کا حصہ رہے ہیں ان افراد کا ماضی ایک دوسرے سے ملتا جلتا اور ایک جیسا ہے ان تمام کرداروں کو اب ایف آئی اے سائبر کرائمز سمیت عدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا، انہوں نے پشاور کی سول سوسائٹی کی طرف سے پولیس کی تفتیشی ٹیم کے دو جونئیر افسران اور ایک سویلین کیلئے معقول کیش ایوارڈ کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے پولیس حکام کی طرف سے فیکٹس فائینڈنگ پبلک کرنے کے بعد ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی جائیگی انہوں نے کہا کہ اپنے صوبے اور اپنے شہر کے امن کیلئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ہم اپنی پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہینگے۔