ملک میں بجلی کے ایک اور بڑے بریک ڈاون کا خدشہ پیدا ہو گیا

بجلی کی پیدوار مسلسل کمی سے خطرناک زون کے دہانے پر آ گئی، شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا

muhammad ali محمد علی منگل 26 دسمبر 2023 20:13

ملک میں بجلی کے ایک اور بڑے بریک ڈاون کا خدشہ پیدا ہو گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 دسمبر2023ء) ملک میں بجلی کے ایک اور بڑے بریک ڈاون کا خدشہ پیدا ہو گیا، بجلی کی پیدوار مسلسل کمی سے خطرناک زون کے دہانے پر آ گئی، شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی طلب سال کی کم ترین سطح پر آ جانے کے باوجود بجلی کی پیدوار بھی کم ترین سطح پر پہنچ جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں بجلی کی پیدوار اس قدر کم ہو چکی کہ اگر پیدوار میں مزید کمی ہوئی، تو نتیجے میں بجلی کا نظام اس خطرناک زون میں داخل ہو جائے گا جس سے پورا ملک اندھیرے میں ڈوب سکتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملک میں کم از کم بجلی پیداوار سے فریکوئنسی کی حد ٹوٹی تو ملک پھر تاریکی میں ڈوب سکتا ہے، غیر متوازن پیداوار سے شمال، جنوب میں بجلی کا ترسیلی نظام ٹوٹ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں بجلی کی طلب 13 ہزار 500 میگاواٹ اور پیداوار 8 ہزار 800 میگا واٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ موسم سرما میں طلب کم ہو جانے کے باوجود بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 500 میگاواٹ سے بڑھ چکا ہے، شارٹ فال مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ انکشاف ہوا ہے کہ ماضی میں شمال جنوب میں بجلی کی ترسیل متاثر ہونے سے فریکوئنسی ٹرپ کر گئی تھی، فریکوئنسی ٹرپنگ سے ہی ملک اندھیرے میں ڈوب گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں پانی اور گیس سے بجلی کی پیدوار تقریباً بند ہو چکی ہے۔ بارشیں نہ ہونے کے باعث ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ انتہائی کم ہو چکا، اسی باعث پن بجلی کی پیدوار نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ ملک میں گیس کی طلب بڑھنے پر قلت بھی بڑھ گئی، اسی باعث گیس سے بھی بجلی کی پیدوار بند ہو چکی۔ ان دو ذرائع سے بجلی کی پیدوار بند ہونے کے باعث ہی بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا۔ پاور ڈویژن ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک میں پن بجلی کی پیداوار صرف 800 میگاواٹ جبکہ سرکاری تھرمل پلانٹ سے 1500 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، آئی پی پیز 5 ہزار میگاواٹ اور نیو کلیئر سے 1500 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔