پنجاب آئی ٹی بورڈ کا آئوٹ ڈور کی پرچی کیلئے تیار کردہ سوفٹ وئیر فیل ہوگیا،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن

ہفتہ 30 دسمبر 2023 12:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2023ء) ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے کہا ہے کہ پنجاب آئی ٹی بورڈ کی جانب سے لگایا ہوا آئوٹ ڈور پرچی کا سوفٹ وئیر فیل ہونے کی وجہ سے مزنگ ہسپتال لاہور ، سیاہیوال ٹیچنگ ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں میں مریض لمبی لمبی لائنوں میں کھڑے ہونے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

ان کا کہناتھاکہ پنجاب آئی ٹی بورڈ لیب رپورٹس کا سوفٹ وئیر یکم دسمبر کی ڈیڈ لائن کے باوجود بھی شروع نہیں کر سکا۔ان ہسپتالوں میں سوفٹ وئیر کی ناکامی کی وجہ سے آئوٹ ڈور کی پر چی اور لیب رپوٹس ہاتھ سے لکھی ہوئی دی جانے لگی ہیں ۔انہوں نے وزیر اعلی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ ہسپتالوں کے سوفٹ وئیر کو محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری کے ڈیپاڑٹمنٹ ہسڈو کے ساتھ مل پنجاب کے تمام نجی و سرکاری ہسپتالوں میں لگایا جائے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ میں ہسڈو ، ڈیپارٹمنٹ پہلے سے ہی ہسپتالوں کے آن لائن سوفٹ وئیر پر کام کر رہا ہے، ان کا لگایا ہوا سوفٹ وئیر بہترین چل رہا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھاکہ ہسڈو کے ذریعے سوفٹ وئیر لگانے سے حکومت پر ایکسٹرا بوجھ بھی نہیں پڑے گا ۔انہوں نے ڈی جی اینٹی کرپشن سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی انکوائری کی جائے اور جو افراد اس معاملے میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔