صحت ‘ امن و عوام کو حقوق فراہمی ہمارانصب العین ہے ‘ سکندر شیرپائو

عوام کی خوشحالی،بہبود اور تعمیر و ترقی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا‘ صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی

ہفتہ 30 دسمبر 2023 18:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2023ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئر مین سکندر حیات خان شیر پاؤنے کہا ہے کہ تعلیم،صحت،امن اور صوبہ کے وسائل اور حقوق کا حصول قومی وطن پارٹی کا نصب العین ہے اور ان مقاصد کے حصول کیلئے عملی جدوجہد کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ملکانوکلے تحصیل تنگی میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرعلاقہ کے سرکردہ سیاسی و سماجی شخصیات فیاض خان،آغاز خان،قدیر خان،نسیم خان،محمد عارف،عباد اللہ،صفی اللہ،عزیر خان،ظہیر اللہ،محمود شاہ اور اعجاز خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائدین پر اعتماد کا اظہار کیا۔سکندر شیرپاؤ نے پارٹی میں شمولیت اختیارکرنے والے سیاسی و سماجی کارکنوں کو خوش آمدیدکہتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام کی خوشحالی،بہبود اور تعمیر و ترقی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت عوام میں پائی جانے والی احساس محرومی دور کرنے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے ہر موقع پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کو مقدم رکھتے ہوئے ان کی بہبود کیلئے کردار ادا کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں صوبہ اوریہاں کے عوام کو ہوشربا مہنگائی و بے روزگاری اور پسماندگی کے ساتھ ساتھ بجلی و گیس لوڈشیڈنگ کی مد میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انھوں نے کہا کہ عوام کی بھرپور تعاون سے ہم نے قومی وطن پارٹی کے پلیٹ فارم سے حیات شہیدکے وژن کی تکمیل کو یقینی بنا کر عوام کی مایوسی و محرومی کے خاتمے اور بہتر مستقبل کے حصول کیلئے آگے بڑھ کر اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔