مولانا عثمانی کی ٹارگٹ کلنگ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش ہے، پاکستان علماء کونسل

ہفتہ 6 جنوری 2024 01:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2024ء) پاکستان علما ء کونسل نے معروف عالم دین اور اہل سنت والجماعت پاکستان کے رہنما علامہ مسعود الرحمن عثمانی کی المناک شہادت پر گہرے رنج و کم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیدنا صدیق اکبر کے یوم وفات کے موقع پر مولانا عثمانی کی ٹارگٹ کلنگ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش ہے، پاکستان اور اسلام دشمن قوتیں ریاست میں ایک بار پھر فسادات کو ہوا دینے کی سازشیں کررہی ہیں۔

پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علما و شیوخ کو دشمن کی سازش کو تحمل، برداشت اور بردباری سے ناکام بنانا ہوگا۔ چیئرمین پاکستان علما ء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، علامہ عبد الحق مجاہد ، مولانا محمد رفیق جامی ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا اسعد زکریا قاسمی ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا ابو بکر حمید صابری ، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا حق نواز خالد، مولانا عبید اللہ گورمانی ، علامہ طاہر الحسن مولانا حنیف عثمانی ، مولانا محمد اصغر کھوسہ ، مولانا انوار الحق مجاہد ،مولانا عبد المالک آصف ، مولانا اسلم صدیقی، مولانا عبد الحکیم اطہر، قاری محمد اسلم قادری ،مولانا عبد اللہ حقانی، مولانا عبد الوحید فاروقی ، مولانا ابو بکر حمزہ ، مولانا حبیب الرحمن عابد،مولانا امین الحق اشرفی، مولانا اظہار الحق خالد، صاحبزادہ حمزہ طاہر الحسن ، مولانا سعد اللہ لدھیانوی ، و دیگر نے علامہ مسعود الرحمن عثمانی کی شہادت پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت علامہ عثمانی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علامہ مسعود الرحمن عثمانی نے ہمیشہ دفاع صحابہ کا علم۔ بلند رکھا اور اسی مشن میں اپنی جان قربان کردی۔ آج خلیفہ بلا فصل سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالی عنہ کا یوم وفات ہے، دشمن نے ان کی شہادت کے لئے آج کے دن کا انتخاب کیا۔ آج کے دن کا انتخاب کسی بڑی منصوبہ بندی کا پیش خیمہ ہے۔