لارجر بینچ نے کاغذات نامزدگی منظور کئےجانے کیخلاف درخواست پر شیخ رشید سے جواب طلب کر لیا

پیر 15 جنوری 2024 14:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جانے کے خلاف دائر درخواست پر شیخ رشید کو نوٹس جاری کرتے ہوئے (کل ) منگل کو جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس جواد حسن پر مشتمل لارجر بینچ نے پیر کو کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ شیخ رشید نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 57 سے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے ظاہر نہیں کئے جس پر متعلقہ ریٹرننگ آفیسر نے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے تھے۔وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی منظور کر لئے۔ عدالت اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے ۔عدالت نے شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جانے کے خلاف دائر درخواست پر شیخ رشید کو نوٹس جاری کرتے ہوئے منگل کو جواب طلب کر لیا۔