نگران حکومت خیبرپختونخوا کا ای سگریٹ اور ویپس کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

بدھ 17 جنوری 2024 13:32

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2024ء) خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے ای سگریٹ اور ویپس کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ای سگریٹ بچوں اور نوجوانوں میں نشے اور صحت کے دیگر سنگین مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔ دفعہ 144 کا نفاذ ای سگریٹ کے استعمال میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ تمام تعلیمی اداروں کے ارد گرد 50 میٹر کی حدود میں ای سگریٹ اور ویپس کی فروخت پر پابندی ہوگی۔

صوبائی حکومت کے مطابق نوجوانوں میں ای سگریٹ اور ویپنگ کے استعمال کا رجحان بڑھ رہا ہے۔محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی طرف سے انتظامیہ کو صوبے بھر میں دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کرنے کی درخواست کی گئی ۔ محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ 21 سال سے کم عمر افراد پر ای سگریٹ اور ویپنگ کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے گی نیز تعلیمی اداروں کے قریب بھی ای سگریٹ کی خرید و فروخت کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔