ملک میں گیس کا نیا ذخیرہ دریافت

یومیہ 6 اعشاریہ 57 ملین کیوبک فٹ گیس ملے گی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 20 جنوری 2024 12:13

ملک میں گیس کا نیا ذخیرہ دریافت
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 جنوری 2024ء ) ملک میں گیس کا نیا ذخیرہ دریافت ہوا ہے جہاں سے یومیہ 6 اعشاریہ 57 ملین کیوبک فٹ گیس ملے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گیس کا نیا ذخیرہ صوبہ سندھ سے دریافت ہوا ہے، ماڑی پٹرولیم لمیٹڈ نے سندھ میں گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کیا جہاں سے یومیہ 6.57 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس ملے گی۔ کمپنی نے ایک اعلامیے میں کہا کہ غازیج فارمیشن ٹو کے مقام پر 1 ہزار 14 میٹر تک کھدائی کے بعد گیس کا نیا ذخیرہ دریافت ہوا ہے، جس سے یومیہ 6.57 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس ملے گی، گیس کا پریشر 306 پائونڈ فی اسکوائر انچ ہے، ماری پٹرولیم کے اس علاقے میں 100فیصد شیئرز ہیں۔

اا کے علاوہ بھی صوبہ سندھ میں بھی تیل و گیس کے بھاری ذخائر دریافت کیے گئے ہیں، تیل و گیس کی تلاش میں او جی ڈی سی ایل کو اہم کامیابی ملی، ترجمان او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں ٹنڈو اللہ یار میں تیل و گیس کے بھاری ذخائر دریافت ہوئے ہیں، کنویں سے8.51 ملین سٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ گیس اور 360 بیرل یومیہ خام تیل دریافت ہوا، درس ویسٹ کنواں نمبر 2 کی 2 ہزار 081 میٹر کھدائی کی گئی تو ذڈائر ملے، اس نئی دریافت سے ملکی امپورٹ بل میں خاطر خواہ کمی واقع ہو گی، ساتھ ہی او جی ڈی سی ایل اور ملکی تیل وگیس کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

ادھر نگران وزیر توانائی نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں گیس کے ذخائر آئندہ چند سالوں میں ختم ہو جائیں گے، رواں سال گیس کا بحران مزید شدت اختیار کر جائے گا، رواں سال سردیوں کے موسم میں گیس کی کمی کا بحران مزید شدت اختیار کرے گا، اس لیے گھریلو صارفین کو سردیوں کے دوران یومیہ 8 گھنٹے کیلئے گیس فراہمی کا اعلان کیا گیا، تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرما کے باقاعدہ آغاز کے بعد جب گیس کی طلب میں اضافہ ہوا، تو بتایا جا رہا ہے سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس بحران اندازوں سے بھی زیادہ سنگین ہو جانے کا خدشہ بڑھ گیا۔