قزاخستان میں شام کے حوالے سے 2روزہ بین الاقوامی اجلاس 24 جنوری سےہو گا

پیر 22 جنوری 2024 13:10

آستانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2024ء) قزاخستان کی میزبانی میں شام کے حوالے سے 2روزہ 21واں بین الاقوامی اجلاس 24 جنوری سے آستانہ میں ہو گا۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق قزاخستان کے وزیر خارجہ ایبک سمادییارووف نے بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شام کے اقوام متحدہ متحدہ کے خصوصی مندوب گیئر پیڈرسن کا قزاخستان کے دارالحکومت آستانہ میں شام کے حوالے سے 24جنوری سے ہونے والے 2روزہ اجلاس میں شرکت کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان کے سیکرٹریٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس کا قوی امکان ہے کہ وہ اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ شام کے حوالے سے بین الاقوامی اجلاس ضامن ممالک کی اجتماعی درخواست پر آستانہ عمل کے ایک حصے کے طور پر 24 اور 25جنوری کو قزاخستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہو گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں روس، ترکیہ اور ایران کے وفود کے ساتھ ساتھ شامی حکومت اور اپوزیشن مذاکرات میں حصہ لیں گے۔

اردن، عراق، لبنان، پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کے دفتر اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے نمائندے کی بھی اجلاس میں بطور مبصر شرکت کرنے کی توقع ہے۔ اجلاس کے ایجنڈے میں شام کے ارد گرد کی علاقائی صورتحال، شام کے مسئلے کا جامع حل تلاش کرنے کی کوششیں، ملک میں انسانی صورتحال اور تعمیر نو میں سہولت فراہم کرنے کے لیے عالمی برادری کی کوششوں کو تیز کرنے کے طریقے شامل ہیں۔