پنجاب میں گزشتہ سال 4لاکھ 51 ہزار ایکڑ رقبہ پر ترشاوہ پھل کاشت کئے گئے ، چوہدری عبدالحمید

جمعرات 25 جنوری 2024 11:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2024ء) پنجاب میں گزشتہ سال 4لاکھ 51 ہزار ایکڑ رقبہ پر ترشاوہ پھل کاشت کئے گئے جہاں سے 20لاکھ 47ہزار ٹن پیداوار حاصل ہوئی۔پرنسپل ایگریکلچر آفیسر وڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری عبدالحمیدنے بتایاکہ سطح زمین سے تقریباً2500فٹ بلندی تک پھلوں کی پیداوار ممکن ہے جبکہ ترشاوہ پھلوں کیلئے موزوں ترین درجہ حرارت 25سے 35 سینٹی گریڈ تک ہے تاہم یہ40سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت کو برداشت کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ مالٹے کی بہت سی بغیر بیج اور کم بیج والی اقسام یعنی سلیٹیانہ، مارس ارلی اور ٹراکووبلڈ ریڈ شمالی پنجاب کے علاقہ جات میں کاشت کی جاسکتی ہیں نیز مارس ارلی مالٹا جوکہ واشنگٹن نیول کی متغیرہ شاخ سے معرض وجود میں آیا ہے،نے وسطی و شمالی پنجاب میں اچھے نتائج دیئے ہیں کیونکہ اس میں سردی و گرمی دونوں قسم کی آب و ہوا کو برداشت کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مالٹا ویلینشیالیٹ میں بھی گرمی برداشت کرنے کی صلاحیت بہت زیادہ ہے تاہم ایسے علاقے جہاں دن اور رات کے درجہ حرارت میں فرق زیادہ ہو وہاں مالٹا و یلینشیالیٹ میں مقدار جوس بہتر رہتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ ترشاوہ پھلوں میں شمبر، ریڈ بلش گریپ فروٹ کو گرم علاقوں میں نہایت کامیابی سے کاشت کیا جاسکتا ہے کیونکہ یہ بغیر بیج والے گریپ فروٹس کی نہایت اعلیٰ اقسام ہیں جبکہ سٹار روبی گریپ فروٹ ٹھنڈے علاقہ جات یعنی شمالی پنجاب میں اچھے نتائج دیتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، وہاڑی، خانیوال، ساہیوال، لیہ، بھلوال، منڈی بہاؤ الدین، سرگودھامیں ترشاوہ پھلوں کی کاشت کے رقبہ میں بتدریج اضافہ ہونے لگاہے جبکہ سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے بغیر و کم بیج والے مالٹے، سنگترے، گریپ فروٹ، لیمن، لائمز کی کئی نئی اقسام متعارف کروا دی ہیں اور ترشاوہ پھلوں کو وسیع البنیاد کرنے میں اپنااہم کردارادا کیاہے ۔