پی ایچ اے سرگودھا کے بورڈ آف گورنرکے اجلاس کا انعقاد، مالی سال 24-2023 کے لئے بجٹ کی منظوری

جمعرات 25 جنوری 2024 17:54

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2024ء) پی ایچ اے سرگودھا کے بورڈ آف گورنر کے اہم اجلاس میں مالی سال 24-2023 کے لئے بجٹ کی منظوری دی گئی ۔پی ایچ اے سرگودھا کے سالانہ بجٹ کی منظوری کے حوالہ سے صوبائی وزیر ہاؤسنگ سید اظفر علی ناصر اور سیکرٹری ساجد ظفر ڈال کی زیر صدارت بورڈ آف گورنر کا 28 واں اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا۔

اجلاس میں سرگودھا کو سرسبز و شاداب بنانے کے علاوہ پارکس، گرین بیلٹس و گرین ایریاز کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ نئے پارکس و گرین بیلٹس کے قیام اور پی ایچ اے کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے حوالہ سے امور پر غور و خوص کے بعد اہم فیصلے کئے گئے۔ پی ایچ اے کے مالی سال 24-2023 کے بجٹ کا تخمینہ 38 کروڑ 30 لاکھ جب کہ اخراجات کا تخمینہ 30 کروڑ 26 لاکھ روپے لگایا گیا، بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں کے لئے 15کروڑ روپے سے زائد رکھے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جب کہ ایڈورٹائزنگ بورڈ، پارکنگ فیس، حکومتی گرانٹ اور دیگر مد سے 38 کروڑ کی آمدن متوقع ہے۔ اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید اظفر علی ناصر نے سرگودھا کو گرین سٹی میں تبدیل کرنے کیلئے پی ایچ اے کے منصوبہ جات کو ان کی اصل روح کے مطابق جاری رکھنے بالخصوص کمپنی باغ میں جوائے لینڈ کے قیام کے حوالہ سے پی ایچ اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی سرگودھا کے زیر اہتمام جاری منصوبہ جات کی تکمیل خوش آئند ہے جس سے عوام کو صحت مندانہ ماحول میں تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، اُنہوں نے ڈی جی پی ایچ اے توقیر حیدر کاظمی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور پی ایچ اے کے ذرائع آمدن میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ادارہ کو مستحکم بنانے کی ضرروت پر زور دیا۔

اجلاس کے دوران سرگودھا میں جوائے لینڈ کے قیام کی تجویز بھی زیر غور آئی جہاں عوام کو بڑے شہروں کے ہم پلہ تفریحی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے توقیر حیدر کاظمی نے اجلاس کو بتایا کہ پی ایچ اے کے اقدامات کی بدولت سرگودھا کو سرسبز و شاداب بنانے کے حوالہ سے اے ڈی پی پروگرام کے تحت 5کروڑ 76 لاکھ کی ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے۔ مزید حکومتی ہدایات کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔