چوہدری اسلم حملہ کیس میں شامل کالعدم تنظیم کے ملزمان ہائی پروفائل مقدمات سے بری

جمعرات 25 جنوری 2024 22:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2024ء) عدالت نے چوہدری اسلم حملہ کیس میں شامل کالعدم تنظیم کے ملزمان ہائی کو پروفائل مقدمات سے بری کردیا۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت سینٹرل جیل میں پراسیکیوشن اور سی ٹی ڈی کی ایک اور ناکامی سامنے آئی ، چوہدری اسلم حملہ کیس میں شامل کالعدم تنظیم کے ملزمان ہائی پروفائل مقدمات سے بری ہوگئے۔

کورنگی مہران ٹاون سے کالعدم لشکرے جھنگوی کے ہائی پروفائل ملزمان کی گرفتاری اور بھاری مقدار میں بارودی مواد کی برآمدگی کے کیس میں پراسیکیوشن اور سی ٹی ڈی حکام دو ہزار کلوگرام سے زائد بارودی مواد کی برآمدگی کا الزام ثابت کرنے میں ناکام رہے۔عدالت نے کالعدم تنظیم کے چار ملزمان کو بارودی مواد، پولیس مقابلہ اور غیر قانونی اسلحے کے مقدمے سے بری کردیا۔

(جاری ہے)

بری ہونے والے ملزمان میں ظفر عرف سائیں، قاری جاوید، محمد وزیر اور سید حسان علی شامل ہیں۔سال 2017 میں کورنگی مہران ٹاون میں کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیم کے سلیپر سیل کے نیٹورک کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا تھا۔پراسیکیوشن کے مطابق کارروائی کے دوران دو ہزار کلو گرام سے زائد بارودی مواد، آر پی جی راکٹس، مارٹر شیل اور خودکش جیکٹ برآمد کئے گئے تھے، کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے سلیپر سیل کا انچارج دلدار عرف چاچا مارا گیا تھا۔