عام انتخابات کا پرامن، آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدار اورشفاف انعقادایک قومی مقصد ہے، یجنل الیکشن کمشنر حیدرآباد

اتوار 28 جنوری 2024 18:45

ٹنڈوالہیار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2024ء) 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کا پرامن، آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدار اورشفاف انعقادایک قومی مقصد ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے تمام سرکاری افسران اپنی ذمیداریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں اورعام انتخابات کے حوالے سے وضع کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں کے امیدوار اور تمام آزاد امیدواران کو بھی چاہئے کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بنائے گئے ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کریں تاکہ صاف و شفاف اور پر امن انتخابات کے انعقادکو یقینی بنایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار ریجنل الیکشن کمشنر حیدرآباد اظہر حسین ٹانوری نے ڈپٹی کمشنر آفیس کی کانفرنس ہال میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بنائے گئے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہ یار الطاف گوہر میمن، ایس ایس پی ٹنڈوالہ یار ابریزعلی عباسی،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹنڈوالہ یار اشرف لودھی، ریٹرننگ آفیسر این اے 217 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈوالہ یار منور عباس سومرو، ریٹرننگ آفیسر پی ایس 58 ،اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوالہ یار شاکر فہیم، ریٹرننگ آفیسر پی ایس 59 ،اسسٹنٹ کمشنر چمبڑ عبدالشکور سولنگی،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ٹنڈوالہ یار ساجد پہوڑ،ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات ٹنڈوالہ یار خالد حسین کمبوہ اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی افسرااور عام انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں کے امیدوار و آزاد امیدواران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل الیکشن کمشنر حیدرآباد اظہر حسین ٹانوری نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ انتخابات کے حوالے سے ہونے والی سرگرمیوں میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے متعلق باقاعدگی سے روزانہ اپنے رپورٹ پیش کرینگی جس کی بنیاد پر خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہ یار الطاف گوہر میمن نے کہا کہ ضابطہ اخلاق سرکاری ملازمین کیلئے بھی ہے اور سرکاری ملازمین کو چاہئے کہ وہ ہر طرح سے غیر جانبدار رہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ عام انتخابات مکمل امن و امان کے ماحول میں منعقد ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام محکمے اور افسران پر امن ماحول میں آزادنہ، منصفانہ، غیر جانبدار انتخابات کے عمل کو مکمل کرنے کیلئے اپنی بھرپور کوشش کریں گے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی ٹنڈوالہ یار ابریز علی عباسی نے کہا کہ پر امن انتخابات کے انعقاد کیلئے فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے اسکے علاوہ رینجرز اور کمانڈوز پر مشتمل ریپڈ فورس بھی ضلع بھر میں گشت کرتی رہے گی جبکہ اسلحے کی نمائش پر بھی مکمل پابندی عائد ہوگی۔ انہوں نے انتظامیہ کے ساتھ اور افسران کے درمیان مضبوط رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔