ضابطہ اخلاق خلاف ورزیاں ،امیدواروں پر 9 لاکھ 66 ہزار روپے جرمانے عائد

منگل 30 جنوری 2024 11:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2024ء) الیکشن کمیشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق خلاف ورزیاں کرنے پر متعدد امیدواروں پر 9 لاکھ 66 ہزار روپے جرمانے عائد کئے گئے۔الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پشاور ڈویژن میں مجموعی طور پر 95 ہزار، ملاکنڈ ڈویژن میں 3 لاکھ ، ہزارہ ڈویژن میں 1لاکھ 71 ہزار روپے جرمانے لگائے گئے۔

ضابطہ اخلاق خلاف ورزیاں کرنے پر مردان ڈویژن میں امیدواروں پر 1لاکھ 5 ہزار روپے، کوہاٹ میں 1 لاکھ 15 ہزار روپے، بنوں میں 30 ہزار، ڈی آئی خان میں 1 لاکھ 50 ہزار کے جرمانے امیدواروں پر لگائے گئے۔دریں اثناخیبرپختونخوا میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کی کار روائیاں جاری ہیں۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرباجوڑنے کارروائی کرتے ہوئے حلقہ این اے 8 اور پی کے 20 کے امیدوار سید اخونزادہ چٹان پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے ،امیدوار کا نمائندہ ڈسٹرکٹ مانیٹر نگ آفیسر کے دفتر میں پیش ہوا، وضاحت غیر تسلی بخش قرار دے کر جرمانہ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح حلقہ این اے 39 بنوں سے آزاد امیدوار نسیم علی شاہ پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے،جرمانہ کو 3 دنوں کے اندر قومی خزانہ میں جمع کرنیکی ہدایت کی گئی ہے،امیدوار کا نمائندہ ڈسٹرکٹ مانیٹر نگ آفیسر کے دفتر میں پیش ہوا، وضاحت غیر تسلی بخش قرار دے کر جرمانہ عائدکیا گیا۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ڈی آئ خان نے کار روائی کرتے ہوئے عزیزاللہ علیزئی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائدکیا ہے،وہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ڈی آئی خان کے دفتر میں پیش ہوئےتاہم وضاحت غیر تسلی بخش قرار دے کر جرمانہ عائد کیا گیا۔

اسی طرح کفیل نظامی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے ، ان کے وکیل پیش ہوئے تاہم ان کی وضاحت غیر تسلی بخش قرار دے کر جرمانہ عائد کیا گیا،اسی طرح جنید احمد کے خلاف یک طرفہ کار روائ عمل لاکر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ وہ وضاحت کے لئے پیش نہیں ہوئے ،اسی طرح امیدوار پی کے 113 ڈی آئی خان عمران جاوید عرف سہیل راجپوت، اور احمد کریم کنڈی جبکہ امیدوار این اے 45 ڈی آئ خان یعقوب شیخ اور مئیر سٹی کونسل عمر امین خان کو نوٹس جاری کیا گیا ہےجن کو وضاحت کے لئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ڈی آئی خان کے دفتر میں دن منگل 12 بجے طلب کیا گیا ہے۔