آئی پی پی کے سینئر نائب صدر ، حلقہ این اے 97سے امیدوارہمایوںاختر خان کو ایک اور بڑی کامیابی

بدھ 31 جنوری 2024 20:53

فیصل آباد/تاندلیانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جنوری2024ء) استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر نائب صدر و حلقہ این اے 97سے امیدوارہمایوںاختر خان کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی ،این اے 97سے آزادامیدوار ایم امین وٹو نے ہمایوں اختر خان کے حق میں دستبردار ہونے اور اپنی برادری سمیت مکمل حمایت کا اعلان کردیا ،اس سے قبل این اے 97 سے اہم امیدوار احسن ریاض فتیانہ بھی ہمایوں اختر کے حق میں دستبردارہونے ان کی بھرپور حمایت کااعلان کر چکے ہیں ۔

ایم امین وٹو نے اپنی برادری کے عمائدین کے ہمراہ ہمایوں اخترخان سے ملاقات کر کے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کی تمام برادری اور سپورٹرز 8فروری کے انتخاب میں آپ کی جیت کے لئے کردار ادا کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمایوں اختر خان نے جس لگن اور محنت سے حلقے میں انتخابی مہم چلائی ہے اور حلقے کے مسائل کے حل اور ترقی کیلئے جو منشور پیش کیا ہے اسے دیکھتے ہوئے میںنے ان کے حق میں دستبردار ہو کر ان کے قافلے میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ۔

ہمایوں اختر خان نے ایم امین وٹو کے فیصلے کا خیر مقدم اور ان کی برادری سے اظہار تشکرکرتے ہوئے کہا کہ میرے پیش نظر صرف اس علاقے کی پسماندگی کو دور کرکے اسے ترقی یافتہ بنانا ہے ، ہم لوگوں نے بھرپور اتحاد اور اتفاق سے چلنا ہے اور ہم سب کا مقصد اس علاقے میں بسنے والوں کی فلاح و بہبود ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے مزید کہا کہ ہم نے کسانوں، نوجوانوں کی ترقی ، خوشحالی اور علاقے کی دہائیوں کی محرومیوںکے ازالے کے لئے جو منصوبے پیش کئے ہیں ہمارا وعدہ ہے آپ کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیںگے ۔

علاوہ ازیں ہمایوں اختر خان نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں ڈور ٹو ڈور مہم اورکارنر میٹنگز سے بھی خطاب کیا ۔ چک نمبر 399میں محمد کاشف ، محمد نواز،محمد لیاقت، محمد بشیرساہو،چوہدری اشرف آرائیں، چوہدری عدنان آرائیں،چوہدری سجاد آرائیں اور چوہدری اکرم آرائیں کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ میں اہل علاقہ نے 8فروری کو ہمایوں اختر خان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ۔

چک نمبر 411مجھیانہ میں سید سرفراز قندھاری اور سید عامر شاہ قندھاری نے ملاقات میں اپنے گروپ اور مریدوں کے ہمراہ الیکشن میں ہمایوں اختر خان اور سردار سکندر حیات جتوئی کی مکمل حمایت اور سپورٹ کا علان کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حلقے کے لوگ جس طرح عزت و احترام اور محبت سے نواز رہے ہیں ہم خدمت کے ریکارڈ قائم کر کے اس کا بھرپور جواب دیںگے ۔