پشاور،گرینڈ امن میلہ" امن کے فروغ کیلئے اجتماعی کوششوں کے عزم کیساتھ اختتام پذیر

ضم اضلاع کے طلبہ پر مشتمل گرینڈ امن میلے کے انعقاد کا مقصد ذاتی، سیاسی اور نسلی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر امن اور ثقافت کے فروغ کیلئے مشترکہ اور مربوط کوششوں کو فروغ دینا ہے،شرکاء

بدھ 31 جنوری 2024 22:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2024ء) خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی، پاک آرمی ، شعبہ بین الاقوامی تعلقات جامعہ پشاوراورآئی آر سٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ گرینڈ امن میلہ اختتام پذیر ہوگیا۔ آخری روز نگران وزیر برائے ہائر ایجوکیشن قاسم جان اور بریگیڈیئر ساجد محمود تقریب کے مہمانان خصوصی تھے۔

اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع کے طلبہ پر مشتمل گرینڈ امن میلے کے انعقاد کا مقصد ذاتی، سیاسی اور نسلی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر امن اور ثقافت کے فروغ کیلئے مشترکہ اور مربوط کوششوں کو فروغ دینا ہے ۔تقریب میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دیگر امور سے متعلق مختلف موضوعات پر کانفرنس کاانعقاد بھی کیا گیا جس میں تفصیل سے بحث و مباحثہ ہوا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روزپینل بحث و مباحثہ کے سیشن میں نگراں وزیر برائے ہائر ایجوکیشن قاسم جان، وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی محمد سلیم، چیئرمین آئی آر ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر حسین شہید سہروردی، منیجر کلچرو مارکیٹنگ ٹورازم اتھارٹی ہمایون خان، ڈاکٹر سیف اللہ اور دیگر شامل تھے۔شرکاء نے ضم اضلاع کے آئینی طور پر خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد قبائلی عوام کی پرامن ہم آہنگی اور قومی یکجہتی پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان قومی یکجہتی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔تقریب کا مقصد خیبرپختونخوا سمیت خاص طور پرضم شدہ اضلاع میںثقافت اور سیاحت کے ذریعے پائیدار امن کو فروغ دینا تھا۔خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے منیجرکلچرو مارکیٹنگ ہمایون خان نے امن کی طرف ثقافت کے اثرات کیساتھ ساتھ خیبرپختونخوا کی ثقافت ،ورثہ کے تحفظ اور فروغ کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن بھی پیش کی ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مقامی ثقافت کی صلاحیت عالمی معیشت میں اربوں ڈالر سے کم نہیں ہے جو چترال سے لے کر جنوبی وزیرستان تک دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کیلئے بے شمار مواقع پیدا کر سکتی ہے۔اس موقع پرضم شدہ اضلاع کے طلباء نے قبائلی علاقوں کی ثقافت کی عکاسی کرتے ہوئے حجرہ سمیت اپنے اپنے اضلاع کے فن پاروں کی نمائش پیش کی۔طلباء کی جانب سے کھانے پینے کے سٹال بھی لگائے گئے۔