نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس، مسابقتی کمیشن اور اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف مارکیٹ ریگولیشن چین کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری

جمعرات 1 فروری 2024 18:18

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2024ء) وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر عالمی منڈی میں خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 146 انتہائی ضروری جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ اور مسابقتی کمیشن آف پاکستان اور اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف مارکیٹ ریگولیشن چین کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس یہاں منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر مسابقتی کمیشن آف پاکستان اور اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف مارکیٹ ریگولیشن چین کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی،اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے اور تکنیکی استعداد میں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر پاکستانی ماہرِ نفسیات محمد سلیم خان ترین کے لئے شعبہ نفسیات میں ان کی خدمات کے اعزاز میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس (سوئم) کی جانب سے ممبر آف برٹش ایمپائر کا ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت دے دی۔ وفاقی کابینہ نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوکو اٹلی کی جانب سے دیئے گئے گولڈ میڈل فار ایروناٹیکل میرٹ کو وصول کرنے کی اجازت دے دی۔

حکومت اٹلی نے یہ اعزاز ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں اٹلی اور پاکستان کی فضائیہ کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون کی خدمات کے اعتراف میں دیا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر ہارڈشپ کیٹگری کے تحت عالمی منڈی میں خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے 146 انتہائی ضروری جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔

وزارت قومی صحت اور ڈریپ کی جانب سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ڈریپ کے آن لائن پورٹل کے ذریعے شہری مارکیٹ میں ادویات کی عدم دستیابی کے حوالے سے شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عام آدمی کو ادویات کی مناسب قیمت پر فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت ایسی پالیسیز مرتب کررہی ہے جس کا فائدہ عام آدمی کو بھی ہو اور فارماسیوٹیکل کی صنعت بھی ترقی کرے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز مرتب کی جائیں۔انہوں نے تاکید کی کہ ادویات کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ادویات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کے حوالے سے ضروری قانون سازی کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں تاکہ آئیندہ منتخب حکومت ان سفارشات کو پارلیمنٹ میں پیش کر سکے۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 26 جنوری 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 26 جنوری 2024 اور 31 جنوری 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔