ڈپٹی کمشنراوستہ محمد کی زیر صدارت الیکشن کے موقع پر سکیورٹی سمیت دیگرانتظامات کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

جمعرات 1 فروری 2024 21:01

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2024ء) ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد محمدحسین کی زیر صدارت الیکشن کے موقع پر سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کے حوالے سے آفیسران اور پی بی 17 میں الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواران کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں جان محمد جمالی، سردار ہارون خان جمالی، سید ذوالفقار شاہ،محمد اسلم عمرانی ایس ایس پی اوستہ محمد سید جاوید شاہ غرشین سمیت دیگر شریک تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد محمدحسین نے کہاکہ عام انتخابات کے موقع پر سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ،اس کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کے تمام قوانین کو عملی جامہ پہنانے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی ہے ،الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کو سامنے رکھ کر اقدامات کیے جا رہے ہیں ،صوبہ بھر میں انتخابات کے موقع پر سکیورٹی کیلئے ضروری ہے کہ تمام امیدواران کارنر میٹنگز اور شمولیتی جلسوں کے انعقاد سے قبل ضلعی انتظامیہ کو آگاہی فراہم کریں تاکہ سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں ۔