پاک بھارت ڈیوس کپ ٹائی کا آغازکل سے ہوگا

جمعہ 2 فروری 2024 20:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2024ء) پاکستان اور بھارت کی ٹینس ٹیمیں ڈیوس کپ گروپ ون ٹائی میں کل (ہفتہ) سے مدمقابل ہونگی۔ پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کا کہنا ہے کہ بھارت کو کھیلوں میں سیاست نہیں لانی چاہیے ، پاکستان کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے بھارت گئی ، امید ہے آئی سی سی چیمپینزمیں ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آے گی۔

اسلام آباد میں ڈیوس کپ میچ ڈرازکے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے اعصام الحق نے کہا کہ کھیلوں میں سیاست کو نہیں لانا چاہیے، ہماری کرکٹ ٹیم بھارت گئی اور بھارتی ٹینس ٹیم پاکستان آئی ہے جو خوش آئند بات ہے۔امید ہے بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان ائے گی، اعصام الحق نے کہا کہ بھارت ایک مضبوط ٹیم ہے، ڈیوس کپ ٹائی میں حریف ٹیم سے سخت مقابلہ ہوگا، پاکستانی ٹیم کسی کو بھی شکست دے سکتی ہے، بھارتی ٹیم گراس کورٹ پر اچھا کھیلتی ہے، اس وقت ہماری پوری توجہ ڈیوس کپ پر ہے، پاکستانی ڈیوس کپ پلیئر عقیل خان نے کہا کہ بھارت کیخلاف ہماری تیاری بہت اچھی ہے، ہمارے پاس بھی گراس کورٹ پر کھیلنے کا تجربہ ہے، پرامید ہیں کہ پاکستانی ٹیم ٹائی جیت جائے گی۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس کرتے ہوے بھارتی ٹینس ٹیم کے کوچ ذیشان علی کا کہنا تھا کہ ڈیوس کپ میں پاکستان سے بہت سخت مقابلہ ہوگا، ساٹھ سال پہلے بھارتی ٹیم ڈیوس کپ کھیلنے پاکستان آئی تھی ، یہ نیا مقابلہ ہے اور ہم اسے جیتنا چاہتے ہیں، انڈین ٹیم جب سے پاکستان آئی ہے ہمارا بہت خیال رکھا گیا ہے، ہم پاکستان کی مہمان نوازی سے بہت خوش ہیں، ہم ٹینس کھیلنے کے علاوہ اسلام اباد گھومنا بھی چاہتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ گروپ ون ٹائی کا دو روزہ مقابلہ 3 اور 4 فروری کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا جائیگا۔