سیدنا امیر معاویہؓ کا دور حکومت ایک کامیاب دور حکومت تھا، مولانا عبد الماجد

ہفتہ 3 فروری 2024 22:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2024ء) سیدنا حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ ایک مجاہد صحابی رسولﷺ تھے آپ کا دور حکومت ایک کامیاب دور حکومت تھا آپ نے خوارج سے مقابلہ کیا، مصر، کوفہ، مکہ، مدینہ میں باصلاحیت افراد کو حامل گورنر مقرر کیا آپ کا دور حکومت جو 20 سال پر محیط تھا۔ سجستان، رقہ سوڈان، افریقہ، طرابلس، الجزائر، اور سندھ کے بعض علاقے فتح کئے آپ ؓکے زمانہ میں کوئی سلطنت اسلامیہ سے خارج نہیں ہوا بلکہ اسلامی سلطنت کا رقبہ وسیع سے وسیع تر ہوتا چلا گیا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی صدر پاکستان امن کونسل سندھ، مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن، امام و خطیب جامع مسجد الخلیل بھٹائی آباد گلستان جوہر مولانا عبد الماجد فاروقی نے یوم سیدنا حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی مناسبت سے مدرسہ تعلیم القرآن کے لائبریری ہال میں منعقدہ علما و مشائخ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس سے مہمان خصوصی مفتی محمد عدنان مدنی، مولانا محمد عکاشہ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ سیدنا امیر معاویہ کا سب سے بڑا کارنامہ بحری بیڑے کی تشکیل اور قبرس کی فتح ہے امت مسلمہ سیدنا امیر معاویہ کے احسانات سے کبھی بھی سبکدوش نہیں ہوسکتی ہے مولانا عبد الماجد فاروقی نے کہا کہ رسول اللہﷺ نے امیر معاویہ کو کاتب وحی مقرر کیا اور عہد فاروقی میں امیر معاویہ کو دمشق کا حاکم مقرر کیا گیا آپ کا دور خلافت مسلمانوں کی طاقت کا عظیم مظہر ہے۔