وزیر اعلیٰ پنجاب لیو انکیشمنٹ رولز میں ملازمین کش ترامیم پر نظر ثانی کرتے ہوئے نوٹیفکیشن کو واپس لیں‘ پنجاب ٹیچرز یونین

اتوار 4 فروری 2024 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2024ء) پنجاب ٹیچرز یونین نے مطالبہ کیا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اپنے منصب سے رخصت ہونے سے قبل لیو انکیشمنٹ رولز میں ملازمین کش ترامیم پر نظر ثانی فرماتے ہوئے لیو انکیشمنٹ کا نیا نوٹیفکیشن واپس لیں ،اساتذہ سمیت ریٹائر ہونے والے ملازمین کی دعائیں سمیٹیں ۔

(جاری ہے)

مرکزی صدر چوہدری محمد سرفراز، رانا لیاقت علی،امتیاز طاہر، نادیہ جمشید،جام صادق و دیگر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور انکی کابینہ کی طرف سے لیو انکیشمنٹ رولز میں کی گئی ترامیم کی وجہ سے ہر سرکاری ملازم کو ریٹائرمنٹ پر لاکھوں روپے کا نقصان پہنچے گا یہ رقم اس کے بڑھاپے کا سہارا ہوتی ہے جو لیو انکیشمنٹ رولز میں کی گئیں ظالمانہ ترامیم کے ذریعے چھین لی گئی ہے ایک طرف تو اربوں کھربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ گئے ہیں ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں آپ کے ساتھ سرکاری ملازمین کی بھی دن رات کی محنت شامل ہے جو ہر وقت ان منصوبوں کے وزٹ اور افتتاح کے موقع پر آپ کیساتھ کھڑے ہوتے ہیں ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیو انکیشمنٹ رولز میں کی گئیں ظالمانہ ترامیم کو واپس لیا جائے تاکہ اساتذہ سمیت سرکاری ملازمین آپ کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھیں۔